پشاور: بلدیات کے ملازمین کی احتجاجی ریلی

[رپورٹ: PTUDC پشاور]
خیبرپختونخواہ حکومت کے ذیلی ادارہ بلدیات کے ملازمین نے یونائٹیڈ میونسپل کارپوریشن یونین کے زیر اہتمام ایک احتجاجی ریلی کاانعقاد کیا جس میں یونین کے عہدیداروں اور بلدیا ت کے سینکڑوں ملازمین نے شرکت کی۔ ریلی میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کی نمائندگی کامریڈ لعل زمان قادری نے کی۔
ریلی ڈی سی آفس پشاور سے نکل کر جناح پارک پر جلسہ کی شکل اختیار کر گئی۔ اس موقع پر بلدیات یونین کے صوبائی صدر ملک نوید خان، جوائنٹ سیکرٹری فضل رازق خان اور دوسرے رہنماؤں نے ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت ہم سے رہی سہی مراعات اور سہولیات بھی چھیننے کے درپے ہے۔ BPS-1 سے لے کر BPS-14 تک ملازمین کی اپ گریڈیشن عرصہ دراز تک نہیں ہوئی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت ہمارے ساتھ نا انصافی کر رہی ہے۔ موجودہ صوبائی حکومت نے بجٹ میں صوبائی اسمبلی کے ممبران کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں 50 فیصد اضافہ کیا لیکن اس مہنگائی کے دور میں ملازمین کی تنخواہوں میں صرف 10 فیصد اضافے کا اعلان کیا گیا ہے جو محنت کشوں کی تذلیل کے مترادف ہے۔ ہم حکومت سے پر زور اپیل کرتے ہیں کہ ہماری پے سکیل اپ گریڈایشن کی جائے اور تنخواہوں میں بھی مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے۔ اگر ہمارے مطالبات پورے نہ ہوئے تو ہم ہڑتا ل پر مجبور ہو جائیں گے۔
PTUDC کی طرف سے کامریڈ لعل زمان قادری نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومت کے بجٹ میں الفاظ کے رد و بدل کے سوا کوئی فرق نہیں ہے۔ دونوں حکومتیں عوام پر معاشی حملے کرنے میں مصروف ہیں۔ سرمایہ دارانہ نظام میں ادارے محنت کش چلا رہے ہیں جبکہ افسر شاہی اور سرمایہ دار اس محنت کا پھل لوٹنے میں مصروف ہیں۔ ہم حکمرانوں کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ ان کے دن گنے جاچکے ہیں۔ اس ملک کے محنت کش بہت جلد طبقاتی بنیادوں پر یکجا ہو کر اپنے ایک ایک زخم کا بدلا لیں گے۔
جلسے کے اختتام کے بعد یونائیٹڈ میونسپل کارپوریشن یونین کے صوبائی صدر ملک نوید خان نے ریلی او ر جلسے میں شرکت کرنے والے تمام ملازمین اور ساتھیوں شکریہ ادا کیا جس کے بعد مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔