[رپورٹ: جبار زئنور]
انقلابی ہاری جدوجہد اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC)کی جانب سے مورخہ 14 دسمبر بروز اتوار، پریس کلب میرپور بٹھورومیں صوفی شاہ عنایت شہید کسان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں سجاول اور بٹھورو شہر سمیت مختلف دیہاتوں سے کسانوں، کسان رہنماؤں، محنت کشوں، طلبہ اور نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی ۔ کانفرنس کی صدارت انقلابی ہاری جدوجہد کے مرکزی رہنما اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین سندھ کے صدر کامریڈ انور پنہور نے کی جبکہ سکندر زئنور نے اسٹیج سیکریٹری کے فرائض سرانجام دیئے۔ کانفرنس کی شروعات مختلف انقلابی ترانوں و شاعری سے کی گئی جس کے بعد کامریڈ جبار زئنور نے تمام مہمانوں کو کانفرنس میں شرکت پر خوش آمدید کیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انقلابی ہاری جدوجہد کے رہنما کامریڈ انور پنہور، بیروزگار نوجوان تحریک (BNT) کے رہنما کامریڈ راہول، بٹھورو شہر کے کسان رہنما غلام حسین میرانی ، نبی سوہو، ایوب بائیتال اور ممتاز زئنور نے کہا کہ آج سماج کی باقی پرتوں کی طرح کسان بھی سخت معاشی مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں، آج سے چند سال قبل تک جوتھوڑی بہت مراعات ریاست کی جانب سے کسانوں کو دی جاتی تھیں آج وہ بھی ان سے چھین لی گئی ہیں، موجودہ نظام میں لوگوں کو مسلسل نسلی ، لسانی ، مذہبی اور قومی تعصبات کی بنا پر تقسیم کیا جارہا ہے اور دن بہ دن استحصال کی شدت میں اضافہ کیا جارہا ہے ، لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم تمام لوگ طبقاتی بنیادوں پر اکھٹے ہوکر اس ظالم نظام کے خلاف لڑیں جو آج ہم سے ہمارا انسان ہونے کا حق بھی چھین رہا ہے ۔محنت کشوں، کسانوں اور نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکرسرمایہ داری کے خلاف جدوجہد کرنی ہوگی اور اس نظام کو اکھاڑ کر سوشلسٹ انقلاب برپا کرنا ہوگا کیونکہ نسل انسانی کی بقا آج اسی میں مضمرہے ، تقاریر کے بعد انقلابی ہاری جدوجہد کے مطالبات اور پروگرام پڑھا گیا جس کو اکثریت سے کانفرنس کے تمام شرکا نے منظور کیا۔