لاہور: جنرل ہسپتال لاہور میں پیرا میڈیکل سٹاف کا جلسہ اور ریلی

[رپورٹ:PTUDC لاہور]
پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام جنرل ہسپتال لاہور میں سروس سٹرکچر اور دیگر مطالبات کے حق میں احتجاجی جلسہ منعقد کیا گیاجس میں لاہور کے مختلف ہسپتالوں سے ملازمین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس جلسہ میں YDA پنجاب اور PTUDC  کے راہنماؤں نے خصوصی طور پر شرکت کی اور پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کے تمام تر مطالبات کی بھر پور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے حکومتِ پنجاب کی فرعونیت پر مبنی پالیسیوں کی شدید مذ مت کی۔ انہوں نے گنگا رام اور دیگر ہسپتالوں سے اپنے حق کیلئے آواز بلند کرنے کے جرم میں نکالے جانے والے پیرا میڈیکل سٹاف کے ملازمین کو فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ جب بھی محنت کش اپنے مطالبات کے حق کیلئے متحد ہو کر سڑکوں پر نکلتے ہیں تو حکمران انتہائی گھناؤنے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے محنت کشوں کی تحریک کو کچلنے کی کوشش کرتے ہیں۔ جس طرح ماضی قریب میں YDA پنجاب کی تحریک کو روکنے کیلئے فوج، پولیس، عدلیہ اور میڈیا کو استعمال کیاگیا، اسی طرح آنے والے دنوں میںآ پ کو بھی اس طرح کے حالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے تمام ٹریڈ یونیز اور دیگر اداروں کے ملازمین سے اپیل کی کہ وہ مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن کی حمایت کریں۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پیرامیڈیکل سٹاف کے قائدین نے کہاکہ1993ء سے ہماری پُرامن تحریک جاری ہے مگر حکومت نے تمام تر مطالبات ماننے کے باوجود نوٹیفیکشن جاری نہیں کیا۔ حکومتِ پنجاب ہماری شرافت کا نا جائز فائدہ اُٹھا رہی ہے۔ ہم عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں، ہم سڑکوں پر نہیں آنا چاہتے اور نہ ہی ہمیں احتجاج کرنے کا شوق ہے۔ لیکن ہمارے گھروں میں غربت، بھوک اور بیماری کا راج ہے۔ ہم حکومت سے کسی کار یا کوٹھی کا مطالبہ نہیں کر رہے بلکہ اپنا جائز حق مانگ رہے ہیں۔ ہمیں کم از کم اتنی تنخواہ دی جائے کہ اپنے بچوں کی بہتر پرورش کر سکیں۔ حکومت پنجاب 80 ارب روپے محض لاہور کی اایک سڑک پر لگانے کی بجائے محنت کشوں کے معیار زندگی کو بلند کرنے کیلئے خرچ کرے۔ ابھی ہم پُر امن ہیں مگر آنے والے دنوں میں اگرہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو ہم کام چھوڑ ہڑتال کے علاوہ پُرتشدد احتجاج کرنے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔
اس احتجاجی جلسہ سے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفینس کمپئین کے رہنما کامریڈ امجد شاہ سوار، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پنجاب کے مرکزی پریس سیکرٹری ڈاکٹرولید، پیرا میڈیکل سٹاف کے رہنماؤں فاروق شاہین، ساغر خان، شعیب انور، لیاقت، اسلم سیال، سلطان محمود، خاتون نرسنگ رہنما میڈم طاہرہ، رانا عرفان، منیر مسیح اور یوسف بلّا نے خطاب کیا۔ جلسہ عام کے اختتام پر سینکڑوں ملازمین نے عظیم الشان ریلی نکالی جو پورے ہسپتال کا چکر لگانے کے بعد پنڈال میں آکر اختتا م پزیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھارکھے تھے جن پر مختلف مطالبات درج تھے۔ شرکاء نے حکومتِ پنجاب کے خلاف اور اپنے مطالبات کے حق میں پُر جوش نعرے بازی کی۔