رپورٹ: PTUDC فیصل آباد:-
12مئی کو الا ئیڈ ہسپتال اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال فیصل آباد میں پیرا میڈیکل سٹاف نے پنجاب حکومت کی جانب سے سروس سٹرکچر کے اعلان کے بعد، ایک سال گزر جانے کے باوجود عدم نفاذ پر یوم سیاہ منایا۔الائیڈ ہسپتال کے شعبہ ایمر جنسی کے سامنے تقریبا 800مزدوروں نے دھرنا دیا جس میں خواتین بھی بڑی تعداد میں شریک تھیں۔دھرنے میں شریک مزدور وں سے خطاب کرتے ہوئے مزدورہنماوءں نے پنجاب حکومت کی مزدور دشمن پالیسیوں کی بھرپور مذمت کی اور مطالبات پورے نہ کرنے کی صورت میں دھرناجاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔
دھرنے میں شریک مزدوروں سے خطاب کرتے ہوئے پیرا میڈیکل سٹاف یونین کے ڈویژنل صدر میاں طارق نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنے اللے تللوں پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے لیکن مزدورکے لیے دو وقت کی روٹی کمانا بھی مشکل ہو گیا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ دھرنے کا مقصد عوام کو تنگ کرنا نہیں بلکہ محنت کشوں کی آواز کو حکمرانوں کے ایوانوں تک پہنچانا ہے۔انھوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ سروس سٹرکچر سمیت مزدوروں سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے جائیں ورنہ دھرنے جاری رہیں گے۔ اشرف علی کھوکھر نے کہا کہ مزدوروں کو اپنے حقوق حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کرنا ہو گی اور اس کے بغیر مزدور ان ظا لم حکمرانوں سے کسی قسم کی بہتری کی امید نہ رکھیں ۔ کامریڈعصمت نے پنجاب حکومت کی مزدور دشمن پالیسیوں کی شدید مذمت کی اور پیرا میڈیکل سٹاف کے تما م مطالبات کی حمایت کا اعلان کیااور PTUDCکی جانب سے پیرا میڈیکل سٹاف کی اس جدوجہد میں اپنے ساتھ کا یقیں دلایا۔اس کے علاوہ PTUDCسے کامریڈ ارتقاء،کامریڈصفدر اور کامریڈ ہارون نے مزدوروں کے بڑھتے ہوئے مسائل اور ان کے حل کے لیے مزدوروں کے اتحاد پر زور دیا۔دیگر مقررین میں حکیم خان نیازی، رانا بابر شہباز، ملک مختار، شاہد علی پنسوتہ اور فضل مسیح نے مزدوروں کے مسائل پر بات چیت کی۔
مطالبات
*سکیل 1تا 15کے ملازمین کے سروس سٹرکچر کا فوری نفاذ کیا جائے۔
*دوسرے صوبوں کی طرح پنجاب کے پیرا میڈیکل سٹاف کے سروس سٹرکچر کو نا فذالعمل کیا جائے اور رسک الاؤ نس دیا جائے۔
*سکیل 1تا 4کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز مزدوروں کو فی الفور مستقل کیا جائے۔
*سکیل ۱ تا 4 ملازمین کو پروفیشنل الا ؤنس دیا جائے۔