| رپورٹ: ضیاء زؤنر |
پروگریسو یوتھ الائنس (PYA) اور بیروزگار نوجوان تحریک کی طرف سے شہدادکوٹ میں ایک روزہ مارکسی سکول کا انعقاد کیا گیا۔
پہلے سیشن میں عالمی و ملکی صورتحال پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے سکندر سعلروہ نے عالمی معاشی بحران اور موجودہ حالات پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ یونان کے پیچھے سپین، پرتگال اور اٹلی جیسے کئی ممالک قرضوں تلے ڈوبے ہوئے ہیں اور دیوالیہ پن کے دہانے پر کھڑے ہیں۔ان حالات میں یورپ میں انقلابی تحریکوں کا ابھرنا نا گزیر ہے۔ ان تحریکوں کو سوشلسٹ پروگرام کے ساتھ جوڑ کر ہی منطقی انجام تک پہنچایا جا سکتا ہے۔دوسرے کئی نوجوانوں نے عالمی و ملکی تناظر کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی جس کے بعد بحث کو سمیٹا گیا۔
دوسرے سیشن میں سرفراز چھلگری نے اپنی لیڈ آف میں چین کے ماضی، حال اور مستقبل کے تناظر پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ داری کی طرف واپسی کے بعد چین میں جہاں تیز صنعتکاری ہوئی ہے وہاں محنت کشوں کا بد ترین استحصال بھی کیا گیا ہے اور امارت اور غربت کی وسیع خلیج پیدا ہوئی ہے۔آج چین عالمی منڈی کا حصہ ہے اور سرمایہ داری کے عالمی بحران سے بچ نہیں سکتا، اس وقت چین میں 40 کروڑ بیروزگار ہیں، شرح نمو تیز گراوٹ کا شکار ہے اور چین ایک اور انقلابی دھماکے کی طرف بڑھ رہا ہے۔ غلام اللہ سیلرو، انور پہنور، رب نواز سیلرو اور عبدالستار منگنہار نے بھی بحث میں حصہ لیا۔سکول کا اختتام انٹرنیشنل گا کر کیا گیا۔