پلندری میں ایک روزہ مارکسی سکول

[رپورٹ: عبدالواحد خان]
  22 نومبر بروز جمعہ کو PWD ریسٹ ہاوس پلندری میں ایک روزہ مارکسی سکول کا انعقاد کیا گیا۔ سکول کا واحد سیشن ’’پاکستان تنا ظر اور مذہبی بنیاد پرستی‘‘ تھا جس کو چیئر کامریڈ عبدالواحد خان نے کیا اور لیڈ آف کامریڈ سیف عظیم نے دی۔ اُنہوں نے تفصیل سے پاکستانی ریاست کے معاشی، سیاسی اور سماجی بحران اور اس کے نتیجے میں عوام کے گرتے ہوئے معیار زندگی پر روشنی ڈالی۔ کامریڈ نے اپنی لیڈ آف میں کہا کہ موجودہ حکومت سرمایہ داروں کی حکومت ہے اور وہ اپنے طبقے کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان ریاست کے تمام بڑے منافع بخش اداروں کو پرائیوٹائز کر نے کی طرف جارہی ہے۔ محنت کش عوام سے جھوٹ بولاجا تا ہے کہ ادارے دیوالیہ پن کے قریب ہیں۔ حکمران طبقہ پاکستانی محنت کش طبقے کی محنت اور خون پسینے سے قائم اداروں کو سرمایہ داروں کی ہوس اور بھوک مٹانے کے لیے نجکاری کی طرف لے جارہا ہے۔ سرمایہ داروں کا دلال میڈیا اور زرخرید دانشور مسلسل پر اپیگندہ کر رہے ہیں کہ نجکاری عوام کے مفاد میں ہے اور اس سے معاشی صورتحال بہتر ہوگی۔ کامریڈ نے کہا کہ پاکستانی سماج کا حکمران طبقہ تاریخی طور پر سرمایہ داری کے میدان میں دیر سے داخل ہوا جس کی وجہ سے یہاں قومی جمہوری انقلاب کا ایک فریضہ بھی پورا نہ کیا جا سکا۔ سماجی اور معاشی خلفشار اتنا بڑھ چکا ہے کہ عوام کے حقیقی مسائل پر بات کرنے کے بجائے بنیاد پرست اور مذہبی انتہا پسند جماعتیں سماج کے اوپر وحشت اور بر بریت مسلط کر نے پر تلی ہوئی ہیں۔ جب بھی سامراجی طاقتوں کو بائیں بازو ں کی تحریک سے خوف لاحق ہوا انہوں نے مذہبی بنیاد پرستی محنت کشوں کے شعور مسلط کرنے کی کوشش کی۔ بنیاد پرستی اور سیکولر ازم کی جعلی اور فریب پر مبنی لڑائی میں عوام کے بنیادی مسائل کو چھپایا جا رہا ہے۔ اصل اور حقیقی تضاد محنت اور سرمایہ کا تضاد ہے جس پر کوئی بات کرنے کو تیار نہیں۔ تمام سیاسی پارٹیاں سرمایہ داری کو انسانیت کی آخری منزل اور تمام استحصال کو جائز اور فطری بنا کر پیش کر رہی ہیں۔ جب تک ایک سوشلسٹ انقلاب برپا نہیں کیا جاتا پاکستان میں انتہا پسندی، مذہبی بنیاد پرستی، بھوک ،غربت ختم نہیں ہو سکتی۔ اس کے بعد کامریڈ فاروق ،کامریڈ جنید اقبال ،کامریڈ نوید شاہین اور کامریڈ ظہیر نے بحث میں حصہ لیا۔ کامریڈ گلباز سوالات کے جواب دیتے ہوئے سیشن کو سم اپ کیا۔ سکول کا اختتام انٹرنیشنل گا کر کیا گیا۔