[رپورٹ: کامریڈ اویناش]
23 مئی 2014ء کو حیدرآباد میں مارکسی اسکول کا اہتمام کیا گیا جس میں مختلف یونیورسٹیوں اور شہر کے مختلف علاقوں سے نوجوانوں نے شرکت کی۔ اسکول دو سیشنز،’’تاریخی مادیت‘‘ اور ’’انقلاب چین 1949ء‘‘ پر مبنی تھا۔ پہلے سیشن کو چیئر کامریڈ راہول نے کیا جبکہ تاریخی مادیت پر لیڈ آف دیتے ہوئے کامریڈ لاجونتی نے کہا کہ ہمیں ہمارے تعلیمی اداروں سے لیکر میڈیا تک کے ذریعے جھوٹ پر مبنی اور حکمرانوں کی تاریخ پڑھائی جاتی ہے، حقیقت میں انسان کے جسمانی ارتقا سے لیکر سماجی ارتقا تک ہمیں کسی قسم کا کوئی حقیقی جائزہ نہیں بتایا جاتا ، مارکسزم ہی وہ واحد علم ہے جس کے ذریعے ہم تاریخ کو حقیقی معنوں میں سمجھ سکتے ہیں۔ کامریڈ لاجونتی نے قدیم اشتراکی دور سے لیکر موجودہ سرمایہ دارانہ نظام تک تمام تر حاصلات اور ان سماجوں کے ذرائع پیدوار کو زیر بحث لایا اور ایک سوشلسٹ سماج میں زندگی کو کس قدر سہل بنایا جاسکتا ہے، اس پر تفصیلی بات کی۔ لیڈ آف کے بعد سوالات اور کنٹریبیوشنز کا سلسلہ شروع کیا گیا جس میں کامریڈ اویناش ، پھوٹو مل اور شکور چانڈیو نے بات رکھی۔ سوالات کے جوابات دیتے ہوئے سیشن کا سم اپ کامریڈ حنیف نے کیا۔
اس کے بعد ’’انقلاب چین 1949ء‘‘ پر دوسرے سیشن کا آغاز کیا گیا جس پر لیڈ آف دیتے ہوئے کامریڈ افضل مصرانی نے کہا کہ چین کے حوالے سے عام آدمی کو تاریخ سے دور رکھنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ہمیں اس بات کو سمجھنا ہوگا کہ آخر چین میں ہوا کیا تھا؟ 1949ء میں اقتدار پر قبضے کے بعد 100 سال تک سرمایہ داری کو فروغ دینے کی ماؤ کی سٹالن اسٹ تھیوری پر اسی دور میں کامریڈ ٹیڈ گرانٹ نے تنقید کرتے ہوئے لکھا تھا کہ قومی بورژوازی اس قابل ہی نہیں کہ وہ قومی جمہوری انقلاب کے مراحل بھی عبور کرسکے۔ چین کے انقلاب کے کلاسیکی پرولتاری انقلاب نہ ہونے کے باوجود بھی یہ روس کے انقلاب کے بعد تاریخ کا دوسرا بڑا انقلاب تھا کیونکہ اسی کے ذریعے چین میں جاگیر داری اور سامراجی جکڑ کا خاتمہ ہوا اور منصوبہ بند معیشت کی حاصلات کے نتیجے میں دنیا کا سب بڑا محنت کش طبقہ وجود میں آیا۔1949ء کا انقلاب آخری انقلاب نہیں تھا بلکہ چین میں ایک اور طبقاتی لڑائی ہونا باقی ہے جو یقیناًسوشلسٹ انقلاب پر ہی منتج ہوگی۔ اس کے بعد سوالات پوچھے گئے اور کامریڈ حنیف نے چین کے تناظر پر مزید روشنی ڈالی، آخر میں کامریڈ راہول نے سیشن کا سم اپ کیا جس کے بعد انٹرنیشنل گا کر اسکول کا باقاعدہ اختتام کیا گیا۔