[رپورٹ: اسد پتافی]
نیسلے پاکستان کبیروالا میں نومنتخب ایمپلائز یونین (سی بی اے) کی تقریب حلف برداری 15ستمبربروز سوموار منعقد ہوئی۔تقریب میں فیکٹری کے ایک ہزار سے زائد ورکروں نے شرکت کی۔تقریب کے دوران ورکروں کا جوش وخروش قابل دید تھا۔تقریب کا آغازیونین کے جنرل سیکرٹری شہزاد جاوید نے کراچی اور لاہور میں فیکٹریوں میں جل کر ہلاک ہونے والے مزدور شہیدوں کو سرخ سلام پیش کرتے ہوئے کیا۔شہزاد نے بعد ازاں اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ سی بی اے نے نیسلے کے مزدروں کے ساتھ مل کر مسلسل جدوجہد کرتے ہوئے کنٹریکٹ مزدوروں کو مستقل کرادیاہے۔یہ نہ صرف کبیروالابلکہ پاکستان سمیت دنیا کے کئی ملکوں میں ہوا۔اس جدوجہد کے نتیجے میں نہ صرف مزدوروں کی اجرتوں میں اضافہ ہوا بلکہ اس کے ساتھ ہی ان کے بونسوں میں بھی تاریخی اضافہ کروایاگیا۔اسی طرح ٹرانسپورٹ کا نظام بھی بہتر کروایاگیا جبکہ علاج اور صحت کے سلسلے میں بھی اہم کامیابیاں حاصل کی گئیں۔شہزاد نے اعلان کیا کہ وہ اپنے مزدوربھائیوں سے یہ وعدہ کرتے ہیں کہ مزدوروں کے مفادات کیلئے جدوجہد کو جاری وساری رکھا جائے گا۔تقریب سے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپین کی جانب سے کامریڈ ماہ بلوص نے خطاب کرتے ہوئے نیسلے ورکرز کی شاندار اور انتھک جدوجہد کو سراہا۔ انہوں نے جدوجہد کی حاصلات پر مزدوروں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ماضی میں بھی پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپین نے نیسلے ورکروں کے ساتھ ہمیشہ یکجہتی کرتے ہوئے ان کی جدوجہد میں بھرپور ساتھ دیاہے۔پاکستان کے دوسرے بڑے اداروں سے بھی مزدوروں اور ٹریڈ یونینوں کے نمائندگان کو بھی نیسلے کے مزدوروں کی جدوجہدسے منسلک کیا ہے۔آج سب کی مشترکہ جدوجہد کا نتیجہ ہمارے سامنے موجودہے۔آج ہمیں یہ عہد کرنا چاہئے کہ ہم آئندہ اپنی ہر جدوجہد میں پورے اکستان اور دنیا بھر کے مزدوروں سے اپنی جدوجہد کو جوڑتے ہوئے اپنی لڑائی کو محنت کش طبقے کی حتمی فتح تک لڑیں گے۔انہوں نے نے نومنتخب سی بی اے باڈی کو مبارکباد دی اور کہا کہ PTUDC یہ امید رکھتی ہے کہ یہ باڈی مزدوروں کے مفادات کیلئے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر سی بی اے محمد حسین بھٹی نے کہا کہ ہم نے جوبھی کامیابیاں حاصل کی ہیں،ان کے علاوہ ابھی بہت سے کام ادھورے ہیں جن کی تکمیل نیسلے کے مزدوروں کے بہتر مستقبل کیلئے ضروری ہے۔اس کیلئے سبھی عہدیداراوں کومحنت کشوں کو اعتماد میں لیتے ہوئے اپنی جدوجہد کو تیزتر کرنا ہوگا۔آخر میں نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا گیا۔تقریب کے آخر میں دوسرے اداروں سے آنے والے مزدرو رہنماؤں میں تحائف تقسیم کئے گئے۔پی ٹی یوڈی سی کی جانب سے کامریڈ ندیم پاشا،کامریڈ جام سجاد،واپڈاہائیڈرو یونین ملتان کے رہنما آغا حسین نے بھی شرکت کی۔
اس کے علاوہ درج ذیل قراردایں پیش اور منظور کی گئیں:
*یہ اجتماع کراچی اورلاہور میں ہلاک ہونیو الے محنت کشوں سے مکمل یکجتہی اور ہمدردی کا اعلان کرتا ہے اور مطالبہ کرتاہے کہ ہلاک ہونے والے مزدوروں کے لواحقین کو معاوضہ دیاجائے،ان کو متبادل روزگار اور ماہانہ وظیفہ دیاجائے۔
*پرائیویٹ سیکٹر میں یونین سازی کا حق دیاجائے۔کم از اجرت بیس ہزار کی جائے۔
*کام کی سبھی جگہوں پرسیفٹی اور سیکورٹی کے مکمل انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔
*کراچی لاہور اور کوئٹہ میں مزدوروں کی ہلاکتوں کے واقعات کے ذمہ داران کو سزائے موت دی جائے۔
*کنٹریکٹ لیبر کو مستقل کیا جائے۔
*فیکٹریوں،کارخانوں اوراداروں کو مزدوروں کے جمہوری کنٹرول میں دیاجائے۔