میرپور خاص میں نرسنگ ایسوسی ایشن کا احتجاج

رپورٹ:کامریڈ پرشوتم:-
24 جنوری2012 ء سے پاکستان نرسنگ ایسوسی ایشن سندھ کی جانب سے نرسز کے جائز مطالبات کے لئے پورے سندھ میں احتجاجی ریلیوں کا آغاز کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں سول ہسپتال اور ضلع میرپور خاص میں تمام نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے احتجاجی ریلیوں میں شرکت کی اور اپنے مطالبات کے لئے کارڈز،بینرز،کالی پٹیاں باندھ احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں خاص طور پر کراچی میں نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف پرحکومت سندھ کی جانب سے جو تشدد کیا گیا اس کی سخت لفظو ں میں مذمت کی اورحکومتِ وقت سے مطالبہ کیا گیا کہ نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے مطالبات منظور نہ کئے گئے تو وہ کراچی میں وزیرِا علیٰ سندھ ،گورنر سندھ اور سندھ اسمبلی کا گھیراؤ کیا جائے گا۔
مطالبات میں نرسنگ اسٹاف کے لئے سروس اسڑکچر کی منظوری ،نرسنگ ٹیچرز کو ٹیچنگ الاؤنس ،اسٹوڈنٹ نرسزکا وظیفہ PNC کے قوانین کے مطابق منظور کرنا۔پیرا میڈیکل اور نرسز کو رسک الاؤنس ۔اسپیشل الاؤنس ،دیہات الاؤنس اور ڈاکٹرز کی طرز پر دیگر الاؤنس کا جاری کرنا ۔پرنسپل نرسنگ سکولز کو DDOپاور دینا،ڈیپارمینٹل نرسنگ و دیگر کورسز میں تعلیم حاصل کرنے والے ملازمین کو ایڈجسٹ کرنا،فوتی کوٹہ اور ملازمین کے کم از کم ایک بچے کے لئے سرکاری نوکری میں کوٹہ مقرر کرنا،رہائشی کالونیاں بنا کے دینا۔ان کو فری علاج ومعالجہ کی سہولیات فراہم کرناشامل ہیں۔
ریلی شرکا نے یہ نعرے لگائے’’آٹا مہنگا ہائے ہائے،بجلی مہنگی ہائے ہائے،یہ نظام ہے خراب،انقلاب انقلاب ‘‘ اورسندھ حکومت کیخلاف پر زور مذمتی نعرے لگائے گئے۔
احتجاجی ریلی سے مختلف رہنماؤں نے خطاب کیا جن میں شاہ نواز کانیو،مس شاہین ،مسزمدثرہ،ڈاکٹر عبدالحمید سومرو،کامریڈ پرشوتم، عبدالجبار، اعجاز کانیواورپاکستان ٹریڈیونین ڈیفنس کمپئین کے رہنما کامریڈ رمیش،کامریڈ خالد حسین اور دیگر ساتھیوں نے بھی شرکت کی۔

سندھ میں جاری نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے احتجاجی ریلیوں کی چند جھلکیاں