پشاور: نادرا کے محنت کشوں کا احتجاجی مظاہرہ

[رپورٹ: کامریڈ نعمان خان]
پشاور میں 10 دسمبر کو نادرا کے محنت کشوں نے کرپٹ بیوروکر یسی کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں نادرا ایمپلائز یونین کے علاوہ PTUDC، واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین اور ریلوے ورکر یونین کے رہنماموجود تھے۔ مظاہرین میں نادرا ایمپلا ئز یونین کے مرکزی صدر سلیم شیرپاؤ، نائب صدر عباس چمکنی، جنرل سیکرٹری گوہر ایوب مروت، صوبائی صدر عظمت قذافی، حضرت گل، PTUDC کی طرف سے کامریڈ سبز علی، کامریڈشیرعالم لالہ، کامریڈ نعمان، اکبرخان اور واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین سے گوہر تاج، مستجاب لالہ، مزدور یار ریلوے ورکر یونین سے اشفاق باچہ، کامریڈ فرہاد اور کامریڈ فرمان شامل تھے۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سلیم شیرپاؤ نے کہا کہ موجودہ وقت میں نادرا کے چیئر مین طارق ملک کو کارپوریٹ میڈیا ہیرو کی طرح پیش کررہا ہے لیکن نادرا میں اس کی کارکردگی بالکل زیرو ہے، تمام ملازمین اس سے ناخوش ہیں کیونکہ سینکڑوں ملازمین کوکوئی پراپر سکیل نہیں دیا گیا، سینیارٹی کی بنیاد پر پروموشن نہیں دی جارہی، کوئی پروموشن بورڈ موجود نہیں اور2004ء کے APT Rules پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔ Basic Pay میں 20 فیصد اضافے کا اعلان کیا گیا تھالیکن اس میں 4 ماہ گزر جانے کے باوجود بھی ابھی تک کوئی عمل درآمد نہیں کیاگیا، پرانے سٹاف کی اپ گریڈیشن اور میڈیکل پینل سمیت ملازمین کے دیگر مسائل کے لیے ابھی تک کوئی واضحّ پالیسی سامنے نہیں رکھی گئی۔ آئے روز غیر قانونی بھرتیاں کی جارہی ہیں اور پرانے ملازمین کاحق غصب کیا جارہا ہے۔
مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر مطالبات درج تھے۔ نادرا ایمپلائز یونین کے مرکزی جنرل سیکرٹری اور PTUDC خیبرپختونخواہ کے جنرل سیکرٹری گوہر ایوب مروت نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آ ج بھی ہمارے مطالبات پر کوئی عمل نہیں ہوا تو ہم ملکی سطح پر بہت جلد کام چھوڑ ہڑتال کریں گے اور اس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔ ہمیں انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور نہ کیاجائے۔ آخر میں نادرا کے محنت کشوں نے یکجہتی کے لئے دوسری ٹریڈ یونینز اور شرکا کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔