مظفر آباد: میڈیکل کالج میں ریاستی دہشت گردی اور طلبہ پر تشدد کے خلاف احتجاج

| رپورٹ: مروت راٹھور |

مورخہ 23 جون2016ء کو مظفرآباد میں میڈیکل کالج کے طلبا و طالبات نے جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) کے ہمراہ ریاستی دہشت گردی اور طلبہ پر پولیس کے تشدد اور گرفتاریوں کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ احتجاج سے قبل طلبا وطالبات نے میڈیکل کالج سے پریس کلب تک ریلی نکالی اور سنٹرل پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا۔ دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے طلبہ راہنماؤں نے کہا کہ رات گئے رہائی سے قبل گرفتار طلبہ پر شہر کے مختلف تھانوں میں تشدد کیا گیا، اس ریاستی جبر کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ دریں اثنا سنٹرل پریس کلب میں طلبہ راہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت اور انتظامیہ کو خبردار کیا کہ جب تک ڈپٹی کمشنر مظفرآباد، ایس پی مظفرآباد اور قائم مقام پرنسپل میڈیکل کالج کو معطل نہیں کیا جاتا ہمارا دھرنا اور احتجاج جاری رہے گا۔