[رپورٹ: PTUDC ملتان]
مورخہ 9 اپریل 2014ء بروز بدھ کو پاکستان ہائیڈرو ورکرز یونین ملتان کی طرف سے نواں شہر چوک پر نجکاری کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا گیاجس میں ملتان ہائیڈرو ورکرز یونینز کے مزدوروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بختیار لیبر ھال سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی نواں شہر چوک پر پہنچ کر احتجاجی دھرنے میں تبدیل ہوگئی۔ اس احتجاجی دھرنے میں واپڈا کے محنت کشوں نے بھر پور جذبے اور ولولے سے حصہ لیا۔ مزدوروں میں نجکاری کے خلاف ایک واضح نفرت اور غصہ نظر آرہا تھا۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے واپڈا ہائیڈروورکرز یونین کے عہدیداران غلام رسول گجر، سجاد بلوچ، ملک سعید، چوہدری محمد خالد جٹ، آغا حسین، شوکت رند بلوچ، شکیل احمد بلوچ، محمد حسین واہلہ شیخ عمران قریشی، راشد، اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے رہنماؤں کامریڈ ندیم پاشا، کامریڈ اسلم انصاری نے کہا کہ ہم کسی بھی صور ت میں واپڈا کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سماج کو مزدور چلاتے ہیں لیکن حکمران ٹولا IMF اور ورلڈ بینک کی پالیسیوں کو نافذکرکے اور قومی اداروں کی نجکاری کرکے ہمارا معاشی قتل عام کرنے کی طرف جارہا ہے۔ مقررین نے کہا کہ PTCL کی 25 فیصد نجکاری کرکے پورے ادارے کو ہڑپ کر لیا گیاہے اور اب واپڈا سمیت 32 سے زائد قومی اداروں کی لوٹ سیل لگا کر ان اداروں کو حکمران طبقہ اپنی نجی ملکیت بنانا چاہتا ہے۔ یہ ادارے پاکستان کے عوام اور محنت کشوں کی ملکیت ہیں۔ ان اداروں کی نجکاری کسی بھی صورت میں نہیں ہونے دی جائے گی۔ ہم حکمرانوں کے خود ساختہ فیصلے نہیں مانتے اور ہمیں ان کالی بھیڑوں کو بھی بے نقاب کرنا ہوگا جو درپردہ حکمران ٹولے کے ساتھ ملکر نجکاری کرانا چاہتے ہیں۔ ہمیں ایسی کالی بھیڑوں کو ادارے سے باہر نکال پھینکنا ہوگا۔ ہمیں نجکاری کے خلاف بجلی بند کرنی پڑی تو ہم پورے ملک کی بجلی بند کردیں گے۔ مقررین نے عوام کی توجہ نجکاری کی طرف دلاتے ہوئے کہا اگر واپڈا کی نجکاری ہوگئی تو سب زیادہ بوجھ عوام پر آئے گا اور بجلی کا یونٹ پچاس روپے سے کہیں زیادہ کا ہوجائے گا۔ مقررین نے کہا جب بھٹو کے دور حکومت میں میاں برادران کی اتفاق فونڈری کو قومی تحویل میں لیا گیا تو اس وقت میاں برادران نے کہا تھا کہ ہم پورے ملک کے اداروں کو پرائیویٹائز کریں گے۔ اپنے اسی مکروہ خواب کو پورا کرنے کیلئے حکمران ٹولہ ملک کے 65 اداروں کو پرائیوٹائز کرنا چاہتا ہے۔ ہمیں مصر کے تحریر اسکوائر کی طرح متحد ہونا ہوگا اور اپنی آنے والی نسلوں کیلئے ان حکمرانوں کے تختے پلٹنے ہوں گے۔ ہم PIA، ریلوے، OGDCL ،SNGPL، پوسٹ کے محنت کشوں سے اپیل کرتے ہیں کہ نجکاری کے خلاف متحد ہوکر جدو جہد کی جائے۔ جیت ہماری ہوگی۔ اور اس کیلئے ہم کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے۔
احتجاجی دھرنے میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے طارق چوہدری، کامریڈ اظہر، کامریڈ توصیف، کامریڈ روال، کامریڈ رحیم، نے شرکت کی اور طبقاتی جدوجہد پرچہ فروخت کیا اور نجکاری کے خلاف لیف لیٹ تقسیم کیا۔