کوٹ ادو: نجکاری کے خلاف پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کا اجلاس

[رپورٹ: علی اکبر]
تحصیل کوٹ ادو کی ٹریڈ یونینز کا مشترکہ اجلاس او جی ڈی سی ایل لاجسٹک کیمپ کوٹ ادو میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت مرکزی نائب صدرآل مزدور اتحاد یونین سی بی اے او جی ڈی سی ایل ملک اختر کالرو نے کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیپکو کی سی بی اے یونین کے چیئرمین حامد حسن نے کہا کہ کیپکو کی نجکاری پیپلز پارٹی کے دورِ حکومت میں کی گئی جو کہ اس ملک میں مزدوروں کی پارٹی ہونے کی دعویدار ہے۔ پیپلز پارٹی حکومت کے اس ظالمانہ فیصلے کے خلاف کیپکو کے مزدوروں نے نو ماہ تک جنگ لڑی لیکن اندرونی اور بیرونی سازشوں کا شکار ہو کر ہم نے وہ جنگ ہار دی اور حکومت کیپکو کو فروخت کرنے میں کامیاب ہو گئی۔ نجکاری کے بعد آج کیپکو کے مزدور واپڈا کے مزدوروں سے بھی کم مراعات اور تنخواہیں لے رہے ہیں اور دوسری طرف کیپکو انتظامیہ کی جانب سے مزدوروں کے استحصال میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ہماری ان تمام اداروں، جن کو موجودہ مزدور دشمن حکومت نجکاری کے ذریعے فروخت کرنے جا رہی ہے، کے محنت کشوں اور مزدور قیات سے التجا ہے کہ اس لوٹ مار کو روکنے کے لئے متحد ہو کر مشترکہ لائحہ عمل بنائیں اور عالمی مالیاتی اداروں کی پرورہ اس حکومت کے خلاف تحریک کو منظم کریں۔ کیپکو کے مزدور اپنے مزدور ساتھیوں کی لڑائی میں ان کے شانہ بشانہ ہوں گے۔ پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے مرکزی رہنما کامریڈ علی اکبر نے کہا کہ آج یورپ اور امریکہ سمیت پوری دنیا میں سرمایہ دارانہ نظام تاریخی استرداد کا شکار ہے۔ نجکاری کا عمل ان ترقی یافتہ ممالک میں ناکام ہوکر محنت کش عوام کو سوائے بھوک،غربت،بیروزگاری کے کچھ نہیں دے رہا۔ مغربی ممالک کی اکثریتی عوام نے نجکاری کو مسترد کر دیا ہے اور یورپ میں دوبارہ صنعتوں کو قومی تحویل میں لینے کی تحریک زور پکڑ رہی ہے۔ نجکاری نے پوری دنیا میں بیروزگاری،غربت اور مہنگائی کا طوفان کھڑا کر دیا ہے۔ وقت کا تقاضا ہے ہم اپنی اور آئندہ نسلوں کے مستقبل کے لئے نجکاری مخالف تحریک کو ایک پلیٹ فارم پر منظم کریں اور حکمران طبقات کو بتا دیں کہ آج محنت کش طبقہ اپنے لئے طبقہ بننے کے سفر کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ محنت کشوں کا عالمی اتحاد اس کرۂ ارض سے اب سرمایہ دارانہ عوام دشمن نظام کو ختم کرنے کے منظم ہو رہا ہے۔ مزدوروں کی نجات صرف اور صرف اشتراکی انقلاب کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ اجلاس سے واپڈا ہائیڈرو کے جنرل سیکرٹری ظفر نتکانی،ایپکا کے ضلعی جنرل سیکرٹری حمید اختر مسیح، مزدور انصاف یونین پارکو کے صدر رضا خان ،پنجاب ٹیچرز یونین کے ضلعی صدر ملک امام دین،التکبیر یونین کے جنرل سیکرٹری آصف چشتی،پیرا میڈکس کے جنرل سیکرٹری مظہر حیات خان،یونائیٹڈ لیبر یونین ٹی ایم اے کے صدر اقبال بھٹی،انجمن پٹواریان کے صدر ملک نیاز احمد،عامر لطیف،عمر فاروق،عبدالشکور،محکمہ زرعی شماریات کے قاسم شہزاد نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں صدرِ مجلس ملک اختر کالرو مرکزی نائب صدر آل مزدور اتحاد او جی ڈی سی نے کہا کہ ہمارے ادارہ سالانہ دوسو تیئس ارب روپے خالص منافع کما کر حکومت کو دے رہا ہے۔ ایسے اداروں کی نجکاری ملک دشمنی کے مترادف ہے اور ہم ہر گز ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ ہم سب کو مل کر اس عوام دشمن نجکاری کے عمل کو روکنا ہو گا۔ ورنہ ہم اپنے اور اپنی نسلوں کے لئے سوائے بھوک،غربت،افلاس،بے روزگاری کے کچھ نہ چھوڑیں گے۔ اجلاس کے آخر میں تمام شرکا نے مشترکہ طور پر وسیع عوامی رابطہ مہم کے ذریعے اس تحریک کو آگے پھیلانے کا فیصلہ کیا اور تمام موجود یونینز کے ایک ایک نمائندہ پر مشتمل ایک ایکشن کمیٹی بھی بنائی گئی جو اس سارے عمل کو منظم کر کے آگے بڑھانے کی ذمہ دار ہو گی۔