میرپور بٹھورو: یوم مزدور پر محنت کشوں کی ریلی

| رپورٹ: PTUDC حیدر آباد |

محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر میرپور بٹھورو میں علی بندرچوک سے بس اسٹاپ تک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر بھر سے نوجوانوں، طلبہ، محنت کشوں اور کسانوں نے شرکت کی۔
may day rally in hyderabad and mirpur bathoro (1)ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) اور انقلابی کسان جدوجہد کے صوبائی رہنما جبار زئنور، بیروزگار نوجوان تحریک کے رہنما واجد زئنور اور نبی سوہو نے کہا کہ مئی 1886ء کو امریکہ کے شہر شکاگو میں اپنے بنیادی حقوق کی جدوجہد کرنے والے محنت کشوں کا قتل عام امریکی ریاست نے کیا اور بعد میں ان کے کئی رہنماؤں کوپھانسیاں دی گئیں، یہ ان محنت کشوں کی قربانیاں ہی تھیں کہ آٹھ گھنٹے کے اوقات کار قانونی طور پر تسلیم کئے گئے۔ عالمی سطح پر انقلابی تحریکوں اور مزدور تحریک کے ذریعے محنت کش طبقے نے جو مراعات اور سہولیات گزشتہ کئی دہائیوں میں حاصل کی تھیں آج وہ بھی واپس چھینی جا رہی ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم یکجا ہو کر اس نظام کا خاتمہ کریں جو تاریخی طور پر متروک ہو کر غربت اور بیروزگاری کا ماخذ بن چکا ہے، اسی صورت میں محنت کشوں کی زندگی سہل ہو سکتی ہے اور نسل انسان ذلت اور محرومی سے نجات حاصل کر سکتی ہے۔