| رپورٹ: مجاہد پاشا |
دنیا بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی یکم مئی 2015ء کو مزدوروں کے عالمی دن پر مزدور جلسوں اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔
آل پاکستان واپڈا ہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین کا سیمینار اور ریلی
سیمینار کا اہتمام بختیار لیبر ہال میں زیر صدارت حاجی عبدالجبار صدر پاکستان ٹیکسٹائل ورکرز فیڈریشن اور تمام ملحقہ تنظیموں کے ساتھ مل کر کیا گیاجس میں شکاگو کے شہیدوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ مقررین میں حاجی عبدالجبار، محمد بشیر شاکر، رانا غلام جعفر، سرفراز احمد ہندل، رانا غلام مصطفی اور عبدالغفار گجر شامل تھے۔
مقررین نے کہا کہ 1886ء میں مزدوروں نے جانوں کا نذانہ دے کرتنظیم سازی کا بنیادی حق تسلیم کروایا تھاجو کہ استحصالی طاقتوں نے چھین لیا۔ آ ج بھی بہت سے اداروں میں یونین سازی پر پابندی لاگو ہے۔ موجودہ حکومت نے ان پابندیوں کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا مگر وعدہ پر عمل درآمد سامنے نہیں آیا، یوں لگتا ہے کہ شاید شکاگو کی تاریخ دہرانے کا وقت قریب آرہا ہے۔ سال ہا سال کے جبرو استبداد کے بعد غریب عوام نے حالات میں تبدیلی لانے کا فیصلہ دیا، ضروریات زندگی کی کمر توڑ مہنگائی ختم کرنے کو یقینی بنانے کے لیے ووٹ کی طاقت سے نئے لوگوں کو مینڈیٹ دیا مگر آج بھی محنت کش طبقہ اور غریب لوگ پریشان ہیں کہ ابھی تک ملک ذخیرہ اندوزوں، منافع خور تاجروں اور بلیک مارکیٹ کی استحصالی قوتوں کے پنجے میں پھنسا ہوا ہے اور حکومت ان کی پشت پناہی کر رہی ہے۔ حیران کن بات کہ قومی اثاثہ جات میں اضافہ کرنے کی بجائے قومی منافع بخش ادارے اونے پونے داموں فروخت کئے جارہے ہیں۔ قومی اداروں کی نجکاری ملک سے غداری ہے۔ فیسکو کی نجکاری روکنے کے لئے بڑی سے بڑی قربانی دینے سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ فیسکو کی نجکاری کا فیصلہ منسوخ کیا جائے۔ پروگرام میں PTUDC کے وفد نے شرکت کی اورکثیر تعداد میں پیپر اور مزدور نامہ فروخت کیا اور لیف لیٹ تقسیم کیا۔
پروگرام کے بعد بختیار لیبر ہال سے عبداللہ پور چوک تک ریلی نکالی گئی جس میں مزدورں نے سرخ جھنڈے اور بینر اٹھا رکھے تھے۔
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کا سیمینار اور ریلی
سہ پہر چار بجے بار کونسل ہار ضلع کچہری میں پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں PTUDC کے رہنما الیاس خان مہمان خصوصی تھے اور فیصل آباد بار کونسل کے سابقہ جنرل سیکرٹری چوہدری خوشحال نے خصوصی شرکت کی۔
پروگرام میں ہائیڈرو یونین کی قیادت نے سرفراز احمد ہندل کی قیادت میں وفد کی شکل میں شرکت کی۔ پاور لوم کے ورکرز کی بڑی تعداد نے کامریڈ صفدر اور کامریڈ رفیق کے ہمراہ شرکت کی۔ کامریڈ سردار کی سرپرستی میں غلام آباد کے ورکرز اور نوجوانوں نے شرکت کی اور زرعی یونیورسٹی، جی سی یونیورسٹی اور دیگر تعلیمی اداروں سے طلبا و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
عمر رشید نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سر انجام دئیے۔ پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے صفدر نے پاور لومز کے مزدوروں کے حالات پر روشنی ڈالی اور بتا یا کہ پاور لومز کے مزدوروں سے دن میں سولہ سولہ گھنٹے کام لیا جاتا ہے اور ان کی تنخواہ اتنی کم ہے کہ اتنی تنخواہ میں ایک خاندان کا گزارہ ہونا نا ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاور لومز کے ساتھ ساتھ تمام اداروں کے مزدوروں کے مسائل کا حل سوشلسٹ انقلاب میں ہے۔ اس کے بعد اختر منیر نے اس بات پر زور دیا کہ طلبہ کے مسائل اور ان کی جدوجہد کو مزدورں کے شانہ بشانہ چل کر ہی لڑا جا سکتا ہے اور آخر میں اپنی ایک انقلابی نظم پڑھی۔ اس کے بعد پی ٹی سی ایل سے مجاہد پاشا نے پی ٹی سی ایل کے مزدوروں کے حالات بیان کئے اور مینجمنٹ کی غنڈہ گردی کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے واپڈا کے مزدوروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر واپڈا کے مزدور نجکاری کے خلاف آخری فتح تک نہ لڑے تو ان کے حالات بھی پی ٹی سی ایل کے مزدوروں سے مختلف نہیں ہوں گے اور ہزاروں کی تعداد میں مزدوروں کو ان کی نوکریوں سے فارغ کر دیا جائے گا۔ اس کے بعد کامریڈ عثمان نے انقلابی نظم سنائی۔ بابو ولیم روز نے اس استحصالی نظام پر بات رکھی اور زور دیا کے اس ظلم اور جبر کے نظام کے خلاف صرف متحد ہو کر ہی لڑا جا سکتا ہے اس کے علاوہ ہمارے پاس اور کوئی چارہ نہیں۔
کامریڈ شگفتہ نے پاکستان میں اورعالمی سطح پر عورتوں کے دوہرے استحصال پر روشنی ڈالی اور اس سے نجات صرف سوشلزم کو قرار دیا۔ جی سی یونیورسٹی سے احمد مفاز نے مزدوروں پر لکھی ہوئی اپنی انقلابی نظم پیش کی۔ سردار نے سرمایہ دارانہ نظام کو اس پورے سیارے کے لئے خطرہ قرار دیا اور بتایا کہ کن عیارانہ ہتھکنڈوں سے سرمایہ دار مسلسل مزدوروں کا استحصال کر رہا ہے اور مزدور اتحاد اس وقت کی اشد ضرورت ہے۔ نجف خاں نے موجودہ سیاسی اور معاشی نظام کو انسانیت کے لئے سب سے بڑہ خطرہ قرار دیا اور آخر میں انقلابی گیت سنایا۔ رضوان اختر نے عالمی معیشت اور سرمایہ داری کی زوال پذیری پر بات کی اور محنت کشوں کی تحریکوں کو منظم کرنے پر زور دیااور 68-69ء کے انقلاب میں واپڈا کے مزدوروں کی جدوجہد پر روشنی ڈالی اور انقلابی پارٹی کی جلد از جلد تعمیر پر زور دیا۔ اس کے بعد ریجنل سیکرٹری ہائیڈرو یونین نے PTUDC کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ فیسکو کی نجکاری کے خلاف قیادت سیسہ پلائی دیوار ثابت ہو گی اور واپڈا کے مزدور آخری سانس تک اپنے حقوق کی جنگ لڑیں گے۔
پروگرام کے مہمان خصوصی الیاس خان نے اپنی تقریر میں موجودہ جمہوریت اور پارلیمنٹ کو جعلی اور بدبودار قرار دیا اور یوم مئی کی اصل تاریخ جو عام طور پر لوگوں کو نہیں بتائی جاتی، اس پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کے یوم مئی کا دن دوسری انٹرنیشنل نے عالمی سطح پر منانے کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کا مقصد صرف تقریب برائے تقریب نہیں ہونا چاہیے بلکہ ہمیں عملی طور پر جدوجہد کو تیز کرتے ہوئے ایک انقلابی پارٹی کی تعمیر کرنا ہو گی اور وہ انقلابی پارٹی محنت کش طبقہ کے لئے ایک اوزار ثابت ہو گی جسکی مدد سے محنت کش طبقہ سرمایہ داری کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن کر کے مزدور راج قائم کرے گا۔ انہوں نے آخر میں تمام اداروں سے آئے ہوئے مزدوروں کو شاندار یوم مئی منانے پر خراج تحسین پیش کیا۔
پروگرام کے اختتام پر پریس کلب سے ضلع کونسل تک ریلی نکالی گئی اور انقلابی نعروں کے ساتھ ساتھ نجکاری کے خلاف نعرہ بازی کی گئی۔