[رپورٹ: کامریڈ جمیل]
یکم مئی کو مزدورں کے عالمی دن کے موقع پر مظفرآباد میں جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپےئن کے زیر انتظام غربت بیروزگاری مہنگائی، لوڈ شیڈنگ دہشت گردی، طبقاتی استحصال اور سرمایہ دارنہ نظام کے خلاف عظیم الشان احتجاجی ریلی دن 10 بجے مظفرآباد اپر اڈہ سے نکالی گئی۔ ریلی اپر اڈہ یونیورسٹی روڈ سی۔ ایم۔ ایچ روڈ سے ہوتی ہوئی نیلم پل چوک پہنچی جہاں پر پی۔ ڈبلیو۔ ڈی ورکرز یونین کے محنت کشوں نے ریلی کا شاندار استقبال کیا۔ نیلم پل سے دوبارہ سینکڑوں مزدورں اور طلباء کی کثیر تعداد نے NSF، PWD ورکرز یونین اور PTUDC کی قیادت میں اپر اڈہ کی طرف مارچ کیا۔ دوران ریلی کامریڈزکے انقلابی نعروں ’’سرخ ہے سرخ ہے ساراعالم سرخ ہے‘‘، ’’خون شکاگو کے مزدورں سے ساراعالم سرخ ہے‘‘، ’’شکاگو کے مزدورں کی جدوجہد کو سرخ سلام‘‘، ’’انقلاب انقلاب سوشلسٹ انقلاب۔ ازم ازم سوشلزم‘‘، ’’آٹا مہنگا، تعلیم مہنگی، روزگار مہنگا، بجلی مہنگی، علاج مہنگا، پٹرول مہنگا‘‘، ’’ورلڈ بنک مردہ باد، آئی ایم ایف مردہ باد‘‘، ’’سرمایہ کاری مردہ باد‘‘، ’’چھین کے لے گا ہرانسان روٹی کپڑا اور مکان‘‘، ’’PWD کے ملازمین کے مطالبات پورے کرو‘‘ اور ’’سوشلسٹ انقلاب زندہ باد‘‘ کے واشگاف نعروں سے پورا شہر گونج اٹھا، اس دوران مزدوروں اور طلباء نے ہتھوڑا درانتی کے سرخ پرچم اٹھا رکھے تھے۔ اپر اڈہ واپس پہنچنے پر ریلی ایک بڑے جلسہ عام کی شکل اختیار کرگئی جہاں پر دیہاڑی دار مزدورں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راجہ ضمیر احمد (مرکزی سینئر نائب صدر PWD ورکر ز یونین)، راجہ اشفاق (مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ورکر زیونین)، کامریڈ راشد شیخ (مرکزی صدر JKNSF)، ارشاد احمد اعوان ضلعی (جنرل سیکرٹری PWD ورکرز یونین)، ایکٹا کے مرکزی رہنما کامریڈ امجد بٹ، فیصل چک (جنرل سیکرٹری ضلع ہٹیاں بالا)، چوہدری شفیق (چیرمین ہٹیاں بالاورکرز یونین)، کامریڈ خواجہ جمیل ( ضلعی صدرJKNSF)، PTUDC کے آرگنائزر مظفرآباد کامریڈ نوید اسحاق، ظہیر عباسی (مرکزی آفس سیکرٹری ورکرز یونین)، YDA مظفرآبادکے رہنما کامریڈ نجیب اور دیگر نے کہا کہ شکاگو کے مزدورں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر یہ ثابت کیا تھا کہ طبقاتی جدوجہد ناقابل مصالحت ہوتی ہے۔ اس وقت کے محنت کشوں نے جن مسائل کی بنیاد پر جدوجہد کو آگے بڑھایا تھا آج محنت کش طبقے کو اس سے بھی زیادہ مسائل کا سامنا ہے جن کا سرمایہ دارنہ نظام کے اندر رہتے ہوئے کسی قسم کا حل ممکن ہی نہیں ہے۔ پوری دنیا میں عالمی سرمایہ داری کے زوال کے نتیجہ میں محنت کشوں کی مشکلات میں اضافہ، تنخواہ میں کمی، کٹوتیاں، مہنگائی، بیروزگاری، معیار زندگی میں گراوٹ اور بھوک میں اضافہ ہوتے ہوئے ہوئے دیکھائی دیتا ہے۔ انفراسٹرکچر کی زبوں حالی میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔ حکمرانوں کے تمام دعوئے جھوٹی لفاظی پر مبنی ہے کیونکہ نظام میں اصلاحات کی کوئی گنجائش نہیں۔ اپنے آپ کو ’’دنیا بھر کے محنت کشو ایک ہوجاؤ‘‘کی بنیاد پر اکٹھا کرتے ہوئے واضح جنگ کا اعلان کریں۔ PWD ورکرز یونین کے عہدیدران نے اپنے ٹائم سکیل اور عارضی ملازمین کی مستقلی اور دیگر مطالبات کی بنا پر 20 مئی سے تادم مرگ بھوک ہڑتال کا اعلان کیا اور عزم کیا کہ جس پرچم تلے آج ہم سب اکٹھے ہوئے ہیں اسی پرچم تلے ہم اپنی مانگوں کو حاصل کرکے رہیں گے۔ سیاسی حکمرانوں نے ہم سے بار بار وعدے اور قسمیں دے کر تحریک کو زائل کیامگر اب ہم بھی شکاگو کے محنت کشوں کی قربانی کی قسم کھا کر کہتے ہیں کہ ہم حتمی فتح تک پیچھے نہیں ہٹیں گے اور اس تحریک کو دیگر ملازمین کی یونین کے ساتھ جوڑتے ہوئے عام ہڑتال کی کال دیں گے۔ دیگر مقررین نے PWD کی یونین کے محنت کشوں کے اس عزم کو سراہتے ہوئے مکمل اظہار یکجہتی کا اعلان کیا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ جلسے میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض ساجد مغل (ڈپٹی جنرل سیکرٹری PWD ورکرز یونین) نے انجام دئیے۔