ڈیرہ غازیخان میں یوم مئی کی تقریب

رپورٹ : کامریڈ داؤدلُنڈ:-
یوم مئی کے موقع پر ڈیرہ غازیخان میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپیئن، ڈسٹرکٹ ورکرز جوائنٹ ایکشن کمیٹی اور میونسپل ورکرز یونین ٹی ایم اے ڈیرہ غازیخان کی جانب سے جناح ہال ٹی ایم اے میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔جس میں مختلف ٹریڈ یونینز نے بھر پور شرکت کی۔پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپیئن اور ڈسٹرکٹ ورکرز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے آرگنائزر کامریڈ گلزار لودھی نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیئے۔ شیخ سرفراز مرکزی پریس سیکر ٹری ایپکا ، میاں عشرت حسین صدر پیپلز یونٹی پی آئی اے، ماما حشمت خان چیرمین و محمد ریاض جنرل سیکرٹری میونسپل ورکر یونین ٹی ایم اے ، افتخار علی صدر پاکستان پوسٹ آفس یونین نوپ ، خالد مصطفی کھوسہ ضلعی جنرل سیکرٹری پنجاب ٹیچرز یونین، شیخ جہانگیر زونل چیر مین ہائیڈرو یونین واپڈا، محمد اقبال بھٹہ سٹی جنرل سیکرٹری پی پی پی کے علاوہ سیاسی و سماجی شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔مقررین نے شکاگو کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ محنت کشوں کو ایک طبقہ کے طور پر متحد ہونے کی ضرورت ہے، نجکاری کا خاتمہ کرکے تمام اداروں کو قومی تحویل میں لیکر ورکرز کے جمہوری کنٹرول میں دیا جائے، طبقاتی نظام کا خاتمہ کرتے ہوئے کم از کم تنخواہ ایک تولہ سونے کے برابر اور مہنگائی کے ساتھ منسلک کی جائے، تمام ورک چارج اور کنٹرکٹ ملازمین کو فوری طور پر مستقل کیا جائے۔تقریب کے اختتام پر ٹی ایم اے سے ٹریفک چوک تک ریلی نکالی گئی جس میں چھین کے لے گا ہر انسان روٹی کپڑا اور مکان، امریکی سامراج مردہ باد ، سرمایہ داری مردہ باد ، انقلاب انقلاب ۔۔سوشلسٹ انقلاب کے نعرے لگائے گئے۔