| رپورٹ: احمد مفاز |
یوم مئی کے موقع پر پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کی جانب سے قائد اعظم ہال ضلع کچہری فیصل آباد میں جلسے کا اہتمام کیا گیا۔ جلسے کی صدارت ریلوے ورکرز یونین کے صدر عاشق چوہدری نے کی۔ مہمان خصوصی PTUDC کے انٹرنیشنل سیکرٹری کامریڈ لال خان تھے۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض عمر رشید نے سر انجام دئیے۔ جلسے کی شروعات زویا نے انقلابی نظم سے کی۔ مقررین میں پنجاب پیرامیڈیکس الائنس کے صوبائی صدر اشرف کھوکھر، لیبر قومی موومنٹ کے ڈویژنل صدرمحمد لطیف، سمال انڈسٹری یونین کے جنرل سیکرٹری سجاد خان، پنجاب ٹیچر یونین کے صوبائی نائب صدراظہر بہزاد، اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی سے انعام خان نیازی، پیپلز پارٹی کے رہنما میاں عادل، PYA جی سی یونیورسٹی کے آرگنائزر کامریڈ سیف، PTUDC فیصل آباد کے آرگنائزر نعمان زاہد، PYA فیصل آباد کے آرگنائزر احمد مفاز اور اقصیٰ شامل تھے۔
اسکے بعد صدرِ مجلس عاشق چودھری نے کہا کہ طبقاتی جد و جہد کرتے ہوئے بکھرے ہوئے مزدور طبقے کو اکٹھا کر کے سوشلسٹ انقلاب کی جدوجہد جاری رکھنی چاہئے۔ آخر میں مہمانِ خصوصی ڈاکٹر لال خان نے اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے اپنی تقریر میں یوم مئی کے پس منظر اور عالمی سطح پر مزدور تحریک کی تاریخ اور موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے عہد میں پاکستان جیسے ممالک میں مزدوروں کا استحصال شکاگو کے محنت کشوں سے بھی بڑھ کر ہے۔ اس لیے آج اس طبقاتی لڑائی، جد و جہد اور سوشلسٹ انقلاب کی ضرورت کہیں زیادہ ہے۔
اس جلسے کے علاوہ PTUDC کے ساتھیوں نے پیپلز لیبر بیورو کے جلسے میں بھی شرکت کی۔ عمر رشید نے PTUDC کی نمائندگی کرتے ہوئے پارٹی کے بنیادی سوشلسٹ منشور کی اہمیت اور اس کی طرف واپسی کی ضرورت پر زور دیا۔ بعد ازیں ضلع کونسل چوک میں لیبر قومی موومنٹ، پاور لومز ورکرز یونین، کمیونسٹ پارٹی آف پاکستان، بھٹہ مزدور یونین اور آغازِ انقلاب پاکستان کی ریلیوں میں بھی PTUDC فیصل آباد نے بھرپور شرکت کی اور مزدور نامہ فروخت کیا۔ دوپہر بارہ بجے بختیار لیبر ہال عبداللہ پور میں منعقد فیسکو کے جلسے میں بھی PTUDC کے کارکنان شریک ہوئے اور نجکاری کے خلاف انقلابی حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔