| رپورٹ: PTUDC فتح جنگ |
محنت کشوں کے عالمی دن یوم مئی پر فتح جنگ میں شکاگو کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے زیر اہتمام ایک ریلی نکالی گئی۔
ریلی میں پی ٹی یو ڈی سی، پی ڈبلیو ڈی ورکرز یونین، ٹی ایم اے ورکرز اور ٹیچرز یونین کے رہنماؤں کے علاوہ واپڈا، ریلوے، پی ٹی سی ایل، سوئی گیس، دیہاڑی دار مزدوروں، کسانوں، سرکاری ملازمین اور طلبا نے بھرپور شرکت کی۔
ریلی جب ممتاز پلازہ سے ہوتی ہوئی مرکزی چوک پر پہنچی تو وہاں پہلے سے موجود محنت کشوں نے اس کا پر تپاک استقبال کیا اور شکاگو کے محنت کشوں کی عظیم قربانیوں اور محنت کشوں کے آج کے مسائل کے حوالے سے نعرہ بازی کی گئی۔ ریلی سے پی ٹی یو ڈی سی کے رہنما عبدالمالک، کامریڈ خالد محمود، ٹیچرز یونین کے محمد سرور اور طالب علم رہنما ہارون محمود نے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں شکاگو کے محنت کشوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اورآج کے عہد میں یوم مئی کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یکم مئی محض ایک تہوار یا ریلیوں، جلسوں، جلوسوں کا دن نہیں بلکہ ایک تجدید عہد کا دن ہے، جو عہد آج سے 129 سال قبل شکاگو کے محنت کشوں نے کیا تھا اور وہ عہد ایک جدوجہد کا عہد تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ، غربت، بھوک، ننگ، بیماری، لاعلاجی اور اسی جیسے دیگر مسائل نے محنت کش عوام کی زندگی اجیرن کی ہوئی ہے اور یہ تمام تر مسائل اس طبقاتی نظام اور اس کی طبقاتی تفریق کی بدولت ہیں۔ اس کے خلاف ہم سب محنت کشوں کو مل کر لڑنا ہو گا تاکہ نسل انسانی کی حتمی نجات تک پہنچا جا سکے۔