پلندری: یوم مزدور پر احتجاجی ریلی اور جلسہ

| رپورٹ: ڈاکٹر نجیب اللہ |

پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) اور ورکرز یونین کے زیر اہتمام مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر پلندری کے سینکڑوں محنت کشوں نے ایک احتجاجی ریلی نکالی جو پورے بازار کا چکر لگانے کے بعد ریسٹ ہاؤس پلندری میں ایک بڑے جلسہ کی شکل اختیار کر لی۔
محنت کشوں نے شہدائے شکاگو کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور اُنکی جدوجہد کو جاری رکھنے کا بھرپورعزم کیا۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی سردار شاہد محمود خان تھے جبکہ صدارت سردارآصف خان (صدر پی ڈبلیو ڈی مزدور یونین) نے کی۔ تقریب سے PTUDC کے محمد ظہیر خان، اشتیاق عباسی، سردارافضل شاہین، صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب سدہنوتی سردارسلیم محمودخان، آفتاب احمدخان، ڈاکٹر نجیب اللہ و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محنت کشوں نے اپنی جدوجہد شکاگو کے شہدا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جاری رکھی ہے، حکمران طبقہ امیر سے امیرتر ہوتا جا رہا ہے جبکہ غریب دن بدن کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ حکمرانوں نے تمام وسائل پر قبضہ کر رکھا ہے اور چند سو خاندانوں نے اس ملک میں لوٹ مار کا بازار گرم کیا ہوا ہے۔

Pallandri photo 1st mayمقررین نے مزید کہا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر نے پچھلے سال یکم مئی کو پلندری میں تمام ورکچارج ملازمین کو مستقل کرنے کا اعلان کیا تھا مگر ایک سال گزرنے کے باوجود وزیر اعظم کے اعلانات پر عمل نہ ہوسکا، اپنے حقوق کے لیے تمام محنت کشوں کو یکجا ہو کر جدوجہد کرنا ہو گی، آج محنت کشوں کے خلاف تمام سامراجی قوتیں اکھٹی ہو چکی ہیں، ان ظالم حکمرانوں سے اپنے حقوق چھیننے کے لیے جنگ کرنی پڑے گی، اس مہنگائی کے دور میں ورکچارج ملازمین کو صرف 6 ہزار روپے تنخوا دی جار ہی ہے اور وہ بھی کئی ماہ تک نہیں ملتی جو سراسر ظلم و زیادتی ہے۔ محنت کشوں نے مطالبہ کیا کہ تمام محنت کشوں کی تنخواہ ایک تولہ سونے کے برابر کی جائے تاکہ مزدور کی زندگی بھی کچھ سہل ہو سکے۔