| رپورٹ: علی اکبر |
کوٹ ادو میں یومِ مزدور کی مرکزی ریلی پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین(PTUDC) کے زیرِ اہتمام ریلوے اسٹیشن کوٹ ادو سے شروع ہوئی جس میں تحصیل بھرکی مزدور تنظیموں کے سینکڑوں کارکنان نے شرکت کی۔
ریلی کا آغاز صبح 9 بجے ہوا۔ ریلوے چوک میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے سرمایہ دارانہ نظام، نجکاری، بیروزگاری اور حکمران طبقات کی لوٹ مار کی شدید مذمت کی۔ ریلی کے شرکا امریکی سامراج، آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور ان کے مقامی گماشتوں کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے اقبال پارک پہنچے جہاں جلسے کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ جلسہ سے پروفیسر واحد بخش انجم، ظہیر بدر، اکتیار کھوکھر، مظہر حیات، حامد حسن، رزاق خان، ڈاکٹر حیدر رند، ارسلان گاڈی، ظفر خان نتکانی، اقبال بھٹی، حمید اختر مسیح، علی اکبر، شہزاد بشیرنے خطاب کرتے ہوئے حکومت کی نجکاری پالیسی کو یکسر مسترد کیا۔ مقررین نے اشتراکی منصوبہ بند ی پرمبنی نظام کے نفاذ کے لئے مزدوروں کے انقلاب کی ضرورت پر زور دیا۔
جلسہ و ریلی میں مزدور یونین اوجی ڈی سی ایل، التکبیر یونین کیپکو، اریگیشن پاور ایمپلائز یونین، پیرا میڈیکل الائنس، پیپلز پارٹی، پنجاب ٹیچرز یونین، ایپکا، واپڈا ہائیڈرو یونین، مزدور انصاف یونین پارکو، بے روزگار نوجوان تحریک، پروگریسو یوتھ الائنس، سبزی ریڑھی یونین، رکشہ یونین، ٹرنک پیٹی کاریگریونین سمیت سیاسی و سماجی کارکنوں کی بھاری تعداد نے شرکت کی۔ جلسہ میں تحصیل کی ورکرزکمیٹی کا اعلان کیا گیا جس کا پہلا اجلاس 9 مئی بروز ہفتہ دن 11 بجے مزدور کلب اقبال پارک میں ہوگا۔
یومِ مئی کی ایک اور پر وقار تقریب کوٹ ادو پاور ہاوس کے لیبر ہال میں التکبیر ایمپلایز یونین سی بی اے کے زیرِ اہتمام منعقد ہوئی جس میں کیپکو کے مزدوروں کی بھاری تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے شہدائے شکاگو کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج پھر عالمی حالات نے محنت کش طبقے کو اس دوراہے پر لا کر کھڑا کیا ہے جہاں اس کے پاس سوائے جدوجہد کرنے کے اور کوئی راستہ نہیں ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ مزدور متحد ہو کراس نظام کے خاتمے کی جدوجہد کریں جو مزدوروں کے استحصال پر زندہ ہے۔ تقریب میں پی ٹی یو ڈی سی کی طرف سے علی اکبر، شہریار، رضا خان، پروفیسر انجم اور واپڈا سے ظفر نتکانی اور عبدالرحمان نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت التکبیر یونین کے چیئرمین حامد حسن نے کی۔