| رپورٹ: ولید خان |
مورخہ 30 اپریل 2015ء کو ڈیفنس روڈ لاہور پر واقع لیبر کالونی میں گلزار ویلفیئر سوسائٹی کے زیرِ اہتمام یومِ مئی کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں کالونی کے رہائشیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ PTUDC لاہور نے بھی اس پروگرام میں شرکت کی۔ کالونی میں 1200 اپارٹمنٹس ہیں جن میں سے 800 مالکانہ حقوق کے ساتھ آباد ہیں۔
مقررین میں آل پاکستان ٹریڈ یونین فیڈریشن کے صدر چودھری ناصر گلزار اور جنرل سیکرٹری روبینہ جمیل، گلزار ویلفیئر سوسائٹی کے سرپرست قدیر احمد، صدر اللہ دتہ بھٹی، نائب صدر احمد علی شاکر، PTUDC لاہورکے رہنما آفتاب اشرف، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی رہنما یاسمین زہرہ شامل تھے۔ مقررین نے مقامی آبادی کے مختلف مسائل پر روشنی ڈالی۔
یاسمین زہرہ نے یومِ مئی کے حوالے سے خواتین محنت کشوں کی جدوجہد پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ جب تک خواتین کسی بھی تحریک میں مردوں کے شانہ بشانہ نہ ہوں تحریک کی کامیابی ممکن نہیں۔ خواتین نے تاریخ کی ہر تحریک میں بہادری ، ہمت اور بلند حوصلہ سے حصہ لیا اور بہت ساری تحریکوں کو کامیاب کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
آفتاب اشرف نے یومِ مئی کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج یومِ مئی صرف ایک چھٹی کا دن بن کر رہ گیا ہے جبکہ مزدور تحریکوں کی اٹھان کے دور میں یومِ مئی بے انتہا جوش و خروش سے منایا جاتا تھا۔ آج ہر طرف مزدوروں پر سرمایہ دار اپنے منافعوں کی اندھی دوڑ میں تابڑ توڑ حملے کر رہے ہیں اور سماج میں جمود کی عمومی کیفیت کے باعث اور مزدور لیڈروں کی غداریوں کی وجہ سے مزدورمایوس ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس دن کی تاریخ کو سمجھتے ہوئے ہم دوبارہ منظم ہوں اوراپنے حقوق کی لڑائی لڑتے ہوئے سوشلسٹ انقلاب کی جانب بڑھیں کیونکہ مزدوروں کے مسائل کا حل اس استحصالی نظام میں موجود نہیں۔ تقریب کے شرکا نے بڑی تعداد میں مزدور نامہ اور طبقاتی جدوجہد خریدا اوراس کو سراہا۔