| رپورٹ: ہارون محمود |
یکم مئی بروزجمعہ پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) اور پی ڈبلیو ڈی ورکرز یونین کے زیر اہتمام شکاگو کے شہیدوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے یومِ مئی کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
پی ڈبلیو ڈی یونین کے آفس میں جلسہ کیا گیا اور بعد میں زیارت پارک سے فوارہ چوک تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں شریک شرکا نے بینرز اٹھا رکھے تھے اور نجکاری، بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ کے خلاف نعرہ بازی کی گئی۔ مقررین میں پی ٹی یو ڈی سی کے مرکزی رہنما پرویز ملک، پی ڈبلیو ڈی ورکرزکے چیئرمین رانا فیصل علی خان، پی ڈبلیو ڈی کے چیئرمین راجہ ظریف، منظورالٰہی، جنرل سیکرٹری ریاض بھٹی، اپیکا ضلع اٹک کے صدر نوید احمد، واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین کے شعیب شامل تھے۔ اس کے علاوہ ٹی ایم اے یونین، یوبی ایل آفیسرز ایسوسی ایشن کے مندوبین اور سینکڑوں مزدوروں نے شرکت کی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض زاہد حسین نے سرانجام دیئے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مزدور راہنماؤں نے کہا کہ آج تجدیدِ عہد کا دن ہے۔ ہمیں شہدائے شکاگو کی جدوجہد کو مشعلِ راہ بناتے ہوئے تمام تعصبات سے بالاتر ہو کر خود کو متحد کرنا ہوگا، اس سرمایہ دارانہ نظام کا خاتمہ کرکے ایک سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے مزدور راج قائم کر کے ہی تمام مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے۔