[رپورٹ: کامریڈ محمد سلمان خان]
بنوں میں محنت کشوں کے عالمی دن کے حوالے سے یکم مئی کو پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC)، پاکستان پیپلز پارٹی (یوتھ ونگ)، پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن (PSF) اور دیگر مزدور تنظیموں کے زیر اہتمام میونسپل کمیٹی ٹاون ہال میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق امیدوار برائے صوبائی اسمبلی ملک شعیب خان ایڈووکیٹ تھے جبکہ NA41 وانا سے سابق امیدوار کامریڈ علی وزیر اور لوکل گورنمنٹ ایمپلائزر فیڈریشن خیبر پختونخواہ کے صدر حاجی انور کمال نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب میں واپڈا ہائیڈرویونین، وولن مل، انجمن ترقی پسند مصنفین اور دیگر تنظیموں کے کارکنان کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
تقریب سے PTUDC کے رہنما بخت نیاز سکندری ایڈووکیٹ، مہمان خصوصی ملک شعیب خان ایڈووکیٹ، کامریڈ علی وزیر، پیپلز یوتھ بنوں کے صدر بسم اللہ خان وزیر، کامریڈ سید عدنان ہاشمی، کامریڈ محمد سلمان خان، کامریڈولی محمد، مزدور رہنمااسماعیل خان، PSF کے ضلعی صدر پرویزخان، ڈویژنل صدر ملک فدا اللہ خان، کامریڈ عمر زادہ اورکامریڈ عثمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ دارانہ نظام اپنی موت آپ مر رہا ہے۔ جاگیرداراور سرمایہ دار مزدور کا خون چوس کر اپنے اثاثوں میں اضافہ کر رہے ہیں۔ آج سے 140 سال پہلے شگاگو کے مزدوروں نے اپنی جانیں قربان کر کے آنے والی نسلوں کوایک سبق دیا کہ وہ کبھی بھی استحصالی نظام کے آگے سر نہ جھکائیں۔
مقررین نے کہا کہ آ ج کا حکمران طبقہ جس طرح عوام کو اپنے استحصالی نظام کے نیچے دبا رہا ہے اور عوام کو اس کے بنیادی حقوق سے محروم رکھ رہا ہے وہ باعث تشویش ہے۔ مقررین نے کہا کہ ایک طرف تھر کے بچے بھوک سے مر رہے ہیں اور مائیں بھوک کے ڈر سے اپنے بچوں کے گلے دبا رہی ہیں تو دوسری طرف سرمایہ دار اور جاگیر دار محنت کا استحصال کر کے اپنی تجوریاں بھرنے میں مصروف ہیں۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد لائیں اور اس بیمار اور گلے سڑے نظام کے خلاف جدوجہد تیز کی جائے۔ محنت کش طبقے کی بقا اور کامیابی صرف اور صرف سوشلسٹ انقلاب میں ہے۔ آخر میں تقریب کے شرکا نے میونسپل کمیٹی ٹاون ہال سے بنوں پریس کلب تک ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکا نے سوشلسٹ انقلاب کے نعرے بلند کئے۔