پشاور: یوم مئی کے موقع پر محنت کشوں کی ریلی

[رپورٹ : نعمان خان]
ریلوے ورکرز یونین کے زیر اہتمام یکم مئی کے موقع شگاگو کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک ریلی کاانعقاد کیا گیاجس میں مختلف ٹریڈیونینزنے شرکت کی۔ ریلی میں ریلوے ورکر زیونین کی طرف سے اشفاق باچہ، فرہاد خان اور کامریڈ سبز علی، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کی طرف سے کامریڈ فضل قادر، کامریڈ فرمان، کامریڈ شیرعالم لالہ اورکامریڈ لعل زمان قادری، بیروزگار نوجوان تحریک (BNT) کی طرف سے کامریڈ ارشد خان، کامریڈ حمیدُاللہ شینواری، کامریڈ نعمان اور کامریڈ عبدُاللہ، نادر اایمپلائیز یونین کی طرف سے سلیم شیرپاؤ، گوہر ایوب مروت اور سلطان خان، رکشہ ڈرائیور یونین کی طرف سے مُراد خان نے ریلی کے شرکا سے خطاب کیا۔
ریلی لوکوشیڈ سے نکل کر ریلوے لیبر کالونی اور گیرج سے ہو تی ہوئی پشاور پریس کلب پہنچی۔ شرکا نے جوش وخروش سے انقلابی نعرے لگائے۔ پریس کلب کے سامنے مزدور رہنماؤ ں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے شگاگو کے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ دُنیا میں آج تک کبھی بھی مزدوروں کے حقوق کسی پارلیمنٹ یا عدالت نہیں دئیے ہیں۔ آج محنت کشوں کو جو بھی مراعات یا سہولیات میسر ہیں وہ انہوں نے اپنی جدوجہد سے چھینی ہیں۔ سرمایہ دارانہ نظام دنیا بھر میں آج پھر سے محنت کشوں پر معاشی حملے کررہا ہے اور یوم مئی کا پیغام ہے کہ محنت کشوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا ہو کراپنے حقوق کے لیے جدوجہد کرنا ہوگی۔ تمام مسائل کی جڑ موجودہ سرمایہ دارانہ نظام ہے جو چند افراد کے ہاتھوں میں دولت کا اجتماع کرتا چلا جارہا ہے۔ حکمران طبقہ دن بدن مہنگائی میں اضافہ اور تنخواہوں میں مسلسل کٹوتیا ں کر کے محنت کش طبقے سے روٹی کا نوالہ بھی چھین رہا ہے۔ سرمایہ دارانہ نظام کے جبر کا خاتمہ صرف سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے سے ہی ممکن ہے۔ ریلی کے آخر میں محنت کشوں نے اپنے غم وغصے کا اظہارکرتے ہوئے امریکی سامراج کا پتلا نذر آتش کیا۔ ریلوے ورکر یونین کے صوبائی صدر اشفاق باچہ نے آخر میں PTUDC اور دوسری مزدور تنظیموں کا شکریہ ادا کیا جس کے بعد مظاہرین پر امن طور منتشر ہوگئے۔