[رپورٹ: نوید شاہین، یاسر حنیف]
شہدائے شکاگو کو خراج عقیدت پیش کرنے اور محنت کش طبقے کی عالمی طبقاتی جدوجہد کی تجدید نو کے لیے پوری دنیا کے ساتھ ساتھ پلندری میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) اورپی ڈبلیو ڈی ورکرز یونین کے زیر اہتمام ایک ریلی اور جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا۔ یوم مئی کے اس پروگرام میں بے روزگار نوجوان تحریک (BNT)، تنظیم جریدہ و غیر جریدہ، انجمن قانون گوئیاں و پٹواریاں، پیرا میڈیکل ایسو سی ایشن اور دیگر مزدور تنظیموں کے رہنماؤں و کارکنان نے بڑی تعدا د میں شرکت کی۔ ریلی کا آغاز ریسٹ ہاؤس پلندری سے ہوا۔ ریلی میں محنت کشوں نے سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف نعرے بازی کی۔ پلندری کی فضا کالی سوشلسٹ انقلاب کے نعروں سے گونج اٹھی۔ ریلی کوٹلی چوک میں جلسہ عام کی شکل اختیار کر گئی۔ اس موقع پر مقررین نے شہدائے شکاگوکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے شکاگو کی عظیم جدوجہد اور قربانی دنیا کے تمام مزدوروں کے لیے مشعل راہ ہے۔ یہ ان کی قربانیوں کا ثمر ہے کہ آج یوم مئی پوری دنیا میں بغیر کسی نسلی، لسانی، علاقائی اور مذہبی امتیاز کے منایا جا رہا ہے اور منایا جاتا رہے گا۔ مزدور اس سماج کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ دنیا میں آج تک جو بھی ترقی ہوئی ہے وہ صرف اور صرف مزدور طبقے کی محنت کا نتیجہ ہے۔ لیکن آج تک محنت کش اپنے حقوق کے لیے بر سر پیکار ہیں۔ آج سرمایہ دارانہ نظام کی زوال پذیری کی قیمت پوری دنیا میں محنت کشوں سے وصول کی جارہی ہے۔ امریکہ اور یورپ سمیت پوری دنیا میں بے روزگاری، مہنگائی، دہشت گردی اور عدم استحکام سے دوچار ہے۔ آزاد کشمیر میں بھی محنت کش حکمرانوں کے ظلم کا شکار ہیں۔ پی ڈبلیو ڈی کے ملازمین حکومتی وعدوں کے باوجود ٹائم سکیل سے محروم ہیں اور ایک عرصہ سے ورک چارج ملازمین کو مستقل نہیں کیا جا رہا۔ مقررین نے کہا کہ آج کا دن دنیا کے تمام مزدوروں کے لیے تجدید عہد کا دن ہے۔ آج پھر شکاگو کے مزدوروں کی قربانیوں اور جدوجہد کو بڑے پیمانے پر دہرانے کی ضرورت ہے۔ پوری دنیا کے محنت کش مل کر ہی اس ظالمانہ نظام سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔ اس جلسہ عام سے آزاد کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے بھی خطاب کیا۔ وزیر اعظم جب جلسہ گاہ پہنچے تو محنت کشوں نے ’’جب تک جنتا بھوکی ہے، یہ آزادی جھوٹی ہے‘‘ کے فلک شگاف نعرے بلند کئے۔ مختلف ٹریڈ یونینز کے رہنماؤں نے وزیر اعظم کے سامنے ملازمین کا چارٹر آف ڈیمانڈ رکھا لیکن وزیر اعظم نے مزدوروں سے زبانی کلامی یک جہتی کا اظہار کیا اور تمام مطالبات کو حل کرنے کے وعدے کر کے چلتے بنے۔ جلسہ عام سے چیئرمین ایکشن کمیٹی اکمل مسعود، PTUDC آزاد کشمیر کے صدر ظہیر خان ایدوکیٹ، پی ڈبلیو ڈی ورکرز یونین کے چیئرمین سردار آصف خان، بے روزگار نوجوان تحریک (BNT) کے رہنما کامریڈ سیف عظیم، چئیرمین لیبر بیورو آزاد کشمیر سردار یعقوب خان، ایڈمنسٹریٹرمیونسپل کارپوریشن پلندری بابر رزاق، تنظیم اساتذہ کے محمد ادریس خان، پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کے عاشق بٹ، پریس کلب پلندری کے صدر سلیم محمود، نائب صدر جوائنٹ سپریم کونسل کامریڈ محمد رحیم، تحصیل جنرل سیکریٹری پی ڈبلیو ڈی راشد رشید، غیر جریدہ سدہنوتی کے صدر سردار شاید اسحاق، ایڈ منسٹریٹر ضلع سدہنوتی غازی منظور، سردار مشتاق شاہین ایڈووکیٹ اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے شہدائے شکاگو کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
منگ میں بھی یوم مئی انتہائی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ منگ میں یوم مئی کے حوالے سے PTUDC ،BNT اور پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن (PSF) کے زیر اہتمام ایک سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔ سیمینار میں بڑی تعداد میں محنت کشوں اور طلباء نے شرکت کی۔ سیمینار سے PTUDC کے رہنما کامریڈ فاروق، PSF کے رہنما کامریڈ یاسر حنیف، BNT کے رہنما کامریڈ رضوان اور پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کے کامریڈ زمرد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سرمایہ دارانہ نظام سماج کو مزید ترقی دینے کی اہلیت کھوچکا ہے۔ اس نظام کی زوال پذیری نے نسل انسان کی بقا کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ اس نظام کے خاتمے کے بغیر کوئی بھی مسئلہ حل کرنا ممکن نہیں۔ آج کا دن یوم تجدید عہد کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ شہدائے شکاگو نے اپنی جانوں کو نذرانہ پیش کر کے تمام دنیا کے مزدوروں کے لیے ایک مثال قائم کی ہے۔ آج پوری دنیا کے محنت کش ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں اور ان کے ادھورے مشن کی تکمیل کے لیے تجدید عہد کرتے ہیں۔