[رپورٹ: عرفان پتافی]
یوم مئی کے موقع پر ملک بھر کے دیگر شہروں کی طرح جامپور میں بھی پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے زیر اہتمام ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں جام پور کے علاوہ راجن پور، فاضل پور، محمد پور دیوان، کوٹلہ مغلان، تلائی والا اور گردونواح سے نوجوانوں، اساتذہ اور محنت کشوں نے بھرپور شرکت کی۔ کوٹلہ چونگی، جو کہ شہر کا داخلی راستہ ہے، پر ایک کیمپ لگایا گیا تھاجس پر شہدا شکاگو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے نعرے درج تھے۔ پہلی ریلی جو کہ موٹرسائیکل سوارنوجوانوں پر مشتمل تھی کوٹلہ چونگی سے روانہ ہوئی تو مقامی پولیس نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شرکا کوروکنے کی ناکام کوشش کی۔ نوجوانوں نے اپنا منصوبہ تبدیل کر کے ریلی محلہ مسن شاہ سے شروع کرنے کا منصوبہ بنایا اور ایک کر کے مسن شاہ پہنچ گئے۔ مسن شاہ سے ریلی کی قیادت کامریڈ شہر یار، کامریڈغضنفر، کامریڈ سقراط، کامریڈفلک شیر، کامریڈخلیل اورکامریڈطیب نے کی۔ سرخ پرچم تھامے نوجوان انقلابی نعروں کے ساتھ چوک چانڈیہ، علی پور محلہ چوک، درہ باغوالا، چوک گھائیاں والا، ڈیمزگیٹ سے ہوتے ہوئے واپس کوٹلہ چونگی پر پہنچے جہاں پر کامریڈ رؤف لُنڈ کی قیادت میں بڑی تعداد میں لوگ جمع تھے۔ یہاں سے ایک بڑی ریلی کا آغاز کامریڈ رؤف کی قیادت میں ہوا۔ ریلی میں شامل نوجوانوں نے پرجوش انداز میں سرمایہ داری، بے روزگاری، مہنگا ئی، نجکاری اور پولیس گردی کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔ مین چوک پہنچ کر ریلی عوامی جلوس کی شکل اختیار کر چکی تھی۔ شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کامریڈ رؤف لُنڈ کہا کہ حکمران طبقہ سامراج اور سرمایہ داروں کی دلالی میں مصروف ہیں، حکمرانوں کے پاس اسلحہ خریدنے کے لیے پیسے ہیں، اپنی عیاشیوں کے لیے وسائل موجود ہیں لیکن عوام کو لوڈشیڈنگ کی اذیت میں مبتلا کیا ہواہے، ریاستی دہشت گردی میں لوگو ں کو مار ا جا رہا ہے۔ کامریڈ نے کہا کہ حکمرانوں نے تمام محکموں کی بھرتیوں پر پابندی لگا رکھی ہے لیکن صرف فوج اور پولیس میں مستقل بھرتیا ں جاری ہیں تاکہ نوجوانوں کے ذہنوں میں زہر بھر کر اپنے ہی لوگو ں کے خلاف استعمال کیا جا سکے۔ عوام کو منظم ہونا ہوگا اور اپنے مسائل کے حل کے لیے رنگ، مذہب نسل اور زبان جیسے فرسودہ تعصبات سے نکل کر اکھٹا ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنا کردار ادا کرتے ہوئے ایک سوشلسٹ انقلاب کے لیے جدوجہد میں شامل ہوکر نسل انسانی کو سرمایہ داری کے عفریت سے نجات دلانی ہوگی۔