[رپورٹ: علی بیگ]
یوم مئی کے موقع پر گوجرانوالہ میں محنت کشوں کا بڑا اکٹھ دیکھنے میں آیا۔ شہر کے مختلف حصوں میں واقع چھوٹی بڑی سینکڑوں فیکٹریوں کی یونینز نے مشترکہ طور پر یوم مئی منانے کا فیصلہ کیا۔ پانچ جلوس شہر کے اطراف میں سے نکلے اور شہر کے وسط میں واقع پی ڈبلیو ڈی ہال شیخوپورہ موڑ پر صبح دس بجے اکٹھے ہوئے۔ یہاں سے ایک بڑی ریلی کی شکل میں تمام مزدوروں نے گوندلانوالہ چوک تک مارچ کیا۔ ریلی نے دو جگہوں پر پڑاؤ کیا۔ پہلا شیرانوالہ باغ میں اور دوسرا پرانے ریلوے اسٹیشن پہ۔ اس موقع پر مزدور رہنماؤں نے تقریریں کی اور شکاگو کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے کامریڈز کوکاکولا یونین کے جلوس میں شامل ہو کر ریلی میں پہنچے۔ اس موقع پر کوکاکولا یونین کے صدر جناب یوسف سپرا بھی جلوس میں موجود تھے۔ سپرا صاحب نے کہا کہ مزدور اتحاد ہی انکی اصل طاقت ہے اور آج تجدید عہد کا دن ہے۔ ساری دنیا کے محنت کشوں کی عظیم قربانیوں کو ہم کبھی نہیں بھول سکتے۔ کامریڈز نے پمفلٹ پرنٹ کروا رکھے تھے جو اْنہوں نے محنت کشوں میں تقسیم کئے۔ محنت کشوں نے مزدور اتحاد زندہ باد کے نعرے لگائے۔ جلوس میں جوش و خروش دیدنی تھا۔ محنت کشوں نے سْرخ پرچم اْٹھا رکھے تھے۔