کراچی: یوم مئی پر PCہوٹل ورکرز یکجہتی کمیٹی اور PTUDC کی مشترکہ مشعل بردار ریلی

[رپورٹ: جنت حسین]
پرل کانٹی نینٹل ہوٹل کراچی ورکرز یکجہتی کمیٹی کی جانب سے یوم مئی کے سلسلے میں گذشتہ سالوں کی طرح اس بار بھی 30 اپریل کی رات کو کراچی پریس کلب تا PIDC چوک مشعل بردار ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں پرل کانٹی نینٹل ہوٹل کراچی کے محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ سمیت کراچی بھر کی ٹریڈ یونینز ، وکلاء اساتذہ، انسانی حقوق کی تنظیمیں ، خواتین اور طلباء تنظیموں اور دیگر محنت کشوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین) (PTUDC اور بے روزگار نوجوان تحریک (BNT) کے کامریڈز نے اس پروگرام میں بھرپور شرکت کی کیونکہ پہلے ہی اعلان کیا گیا تھا کہ PTUDC الگ سے کو ئی پروگرام کرنے کی بجائے اس مشترکہ پروگرام میں شرکت کرے گی۔ ریلی کے شرکا نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مطالبات درج تھے۔ شرکا نے اس موقع پر مہنگائی، بے روزگاری اور PC ہوٹل کی مزدور دشمن انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ ریلی کے اختتام پر PC ہوٹل کراچی ورکرز یکجہتی کمیٹی کے کنوینر اسد اقبال بٹ اور سیکریٹری جنرل غلام محبوب نے شرکاسے خطاب میں کہا کہ PC ہوٹل کراچی سے 12 سال قبل 300 سے زائد محنت کشوں کو بلا جواز غیر قانونی طور پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا تھا اور ہوٹل انتظامیہ ورکرز کی نمائندہ یونین کو تسلیم کرنے سے انکار کر رہی ہے، مزدوروں کے مطالبات پر مبنی چارٹر آف ڈیمانڈ پر بھی کوئی بات نہیں کی جارہی ہے۔ اس مہنگائی کے دور میں بارہ سال سے نہ تو PC کے مزدوروں کی اجرتوں میں اضافہ کیا گیا اور نہ ہی انہیں قانون کے مطابق حاصل دیگر مراعات دی جارہی ہیں۔ ورکرز یونین کے عہدیداروں کو ہوٹل میں آگ لگانے کے مقدمات میں گرفتار کرا کر جیل تک بھجوایا گیا لیکن بعد میں یہ الزامات جھوٹے ثابت ہوئے۔ عدالت نے بھی ملازمین کی برخاستگی کو غیر قانونی قرار دیا ہے لیکن انتظامیہ اس حکم پر عمل درآمد نہیں کرہی ہے اورساٹھ سے زائد محنت کشوں کا گیٹ بند کیا ہوا ہے۔ ہم جمہوریت کی دعوے دار حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ PC کے محنت کشوں کے ساتھ ہونے والی زیادیتوں کا ازالہ کیا جائے۔ PTUDC کے مرکزی صدر ریاض حسین لنڈُ بلوچ نے خطاب کرتے ہو ئے PC کے محنت کشوں کو مکمل حمایت کا یقین دلایا اور مطالبہ کیا کہ ہوٹل انڈسٹری کو قومی تحویل میں لیکر محنت کشو ں کے جمہوری کنٹرول میں دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ محنت کش اس صنعت کو سرمایہ داروں سے بہتر چلا سکتے ہیں۔ ہمیں اس جدوجہد کو عالمی سرمایہ دارانہ نظام کے خاتمہ کی جدوجہد سے جوڑنا ہوگا۔ جب تک یہ نظام رہے گا غربت، مہنگائی، اور بے روزگاری میں اضافہ ہی ہوگا۔ محنت کشوں کے مسائل کا واحد حل سوشلسٹ انقلاب ہے۔
اس ریلی میں سکائی ویز یونین PIA کے شیخ مجید، اسٹیٹ بینک یونین CBA کے جنرل سیکریٹری لیاقت علی ساہی، پیپلز ورکرز یونین SSGC کے سعید خان، پاکستان اسٹیل سے مرزا مقصود، ماجد میمن،پیپلز پارٹی کراچی کے سیکریٹری اطلاعات لطیف مغل، KESC لیبر یونین کے اخلاق خان، KESC انصاف لیبر یونین کے عزیز الرحمن، IUF کے قمر الحسن ، عثمان کے علاوہ دیگر نجی اور سرکاری اداروں کے محنت کشوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔