کوٹ ادو میں یوم مئی کے موقع پر محنت کشوں کی ریلی

[رپورٹ: کامریڈ شہر یار]
یوم مزدور کے موقع پر کوٹ ادو میں تحصیل بھر کی تمام ٹریڈ یونینز کے نمائندگان، طلبا اور سینکڑوں مزدوروں نے ریلی میں شرکت کر کے شگاگو کے مزدوروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور حکمرانوں کے نجکاری کے ایجنڈے کو سختی سے نامنظور کرتے ہوئے اعلان کیا کہ تمام قومی اداروں کی نجکاری فوری طور پر بند کی جائے اور ملازمین کی تنخواہ میں مہنگائی کے حساب سے اضافہ کیا جائے۔ ریلی میں شرکت کے لئے صبح 7 بجے سے نوجوان، طلبا، مزدور، کسانوں اور مختلف اداروں کی ٹریڈ یونینز کے نمائندگان ریلوے چوک پر جمع ہونا شروع ہوئے اور ریلی کے لئے مزدوروں کی جدوجہد کے نشان درانتی ہتھوڑے والے سرخ جھنڈے لگانے شروع کر دئے۔ اس موقع پر نوجوانوں کا جوش و خروش دیدنی تھا، شرکا محنت کشوں کے انقلابی ترانے پر جھوم رہے تھے۔ ریلی کا آغاز صبح 9بجے ریلوے چوک سے شروع ہوا اور مختلف راستوں سے گذرتے ہوئے شرکا نعرے سوشلسٹ انقلاب کے نعرے لگا رہے تھے۔ ریلی کے شرکا ریلوے چوک پرتھوڑی دیر کے لئے رکے جہاں پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکڑک سینٹرل لیبر یونین کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری ظفر اقبال نتکانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کی اصل وجہ پالیسی میکرز ہیں جن کی غلط پلاننگ کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ شروع ہوا ہے، بعد ازاں انہوں نے واپڈا سمیت تمام اداروں کی نجکاری کو سختی سے نا منظور کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکمرانوں نے نجکاری کی کوشش کی تو واپڈا کے محنت کش وزیراعظم اور صدارتی محلات کی بجلی بند کر دیں گے۔ ریلی مختلف راستوں سے گذرتی ہوئی تھانہ چوک میں بھی رُکی جہاں دو چھوٹے بچوں نے ایک ترانہ ’’ہم محنت کش اس دُنیا سے جب اپنا حصہ مانگیں گے‘‘ گا کر ماحول کو گرمادیا۔ بعد ازاں التکبیر لیبر یونین کیپکو کے صدر حامد حسن خان نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے شگاگو کے شہیدوں کی عظمت کو سلام پیش کیا اور کیپکو کی نجکاری کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کیپکو کے تمام محنت کشوں دوسرے اداروں کے محنت کشوں کے ساتھ ہیں اور کسی صورت بھی قومی اداروں کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے۔ پنجاب ٹیچرز یونین کے ضلعی صدر ملک امام دین نے بھی شرکا سے خطاب کیا اورپاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کو خراج دین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم دوسرے محنت کشوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے اساتذہ پر بنائے جانے والے جھوٹے مقدمات کو فوری طور پر خارج کرنے اور انہیں ملازمت پر بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔ بعد ازاں ضلعی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ایپکا کامریڈ حمید اختر مسیح نے بھی خطاب کیا اور اعلان کیا کہ اگر مزدوروں کی تنخواہوں میں مہنگائی کے حساب سے اضافہ نہ کیا گیا تو ایپکا تمام دفاتر بند کر دے گی۔ ریلی کا اختتام گورنمنٹ ہائی سکول کے سامنے ہوا، جہاں پر نیاز احمد پٹورای صدر انجمن پٹواریان تحصیل کوٹ ادو، محمد نعیم صادق صدر التکبیر کیپکو ائمپلائز یونین کوٹ ادو، غلام رضا خان گرمانی صدر انصاف یونین پارکو، محمد ضیاء الرحمن وائس چیئرمین ضلع مظفر گڑھ پنجاب ٹیچرز یونین، خالد حسنین خان گورمانی، ضلعی نائب صدر پنجاب ٹیچرز یونین، شاہد اقبال بخاری جنرل سکریڑی آئی ٹی یونین تحصیل کوٹ ادو، ظفر اقبال قریشی، صدر پنجاب ٹیچرز یونین قصبہ گجرات، محمد آصف چشتی جنرل سیکرٹری التکبیر یونین کیپکو، کامریڈ شفقت بلوچ جنرل سیکرٹری پاکستان ٹریڈ یونینز ڈیفنس کمپئین کوٹ ادو، ، اکرم خان چانڈیہ، کامریڈ قاسم شہزاد، پاکستان پیپلز پارٹی کسان ونگ کے رہنما مہر شبیر گٹ، کامریڈ بنی خان گرمانی، کامریڈ ذوالفقا ر علی، پاکستان پیپلز پارٹی کے راہنماؤں قاسم شہزاد، اسلم سنبل، عبدلعزیز بھٹی، ذولفقار بلوچ، عارف چانڈیہ، او جی ڈی سی کی ٹریڈ یونین کے راہنما رضا خان اور مقصود بلوچ، کامریڈ عامر لطیف آرگنائزر بیروزگار نوجوان تحریک، کامریڈ اظہر، اور ڈگری کالج کے صدر شیراز خان نے بھی خطاب کی۔ آخر میں کامریڈ علی اکبر (ریجنل آرگنائزر پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین پنجاب) نے خطاب کرتے ہے شرکا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکمرانوں نے کبھی مزدوروں کے مفادات کا خیال نہیں رکھا، اب وقت آ گیا ہے کہ مزدور اکھٹے ہو کر راست اقدام اٹھائیں اور اس نظام سرمایہ داری پر کاری ضرب لگائیں۔ آخر میں تمام ٹریڈ یونینز کے شرکا نے عباس پلازہ میں میٹنگ کی جس میں تحصیل سطح پر مزدور ایکشن کمیٹی کو باقاعدہ فعال بنانے اور مشترکہ لائحہ عمل بنانے کا اعادہ کیاگیا۔ مزدور ایکشن کمیٹی کی اگلی میٹنگ بروز ہفتہ ہو گی۔