محنت کشوں کے عالمی دن پر راولا کوٹ میں ریلی

[رپورٹ: PTUDC راولاکوٹ]
یوم مئی کے موقع پر راولاکوٹ میں جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے زیراہتمام مہنگائی، بیروزگاری اور نجکاری کے خلاف احتجاجی ریلی کا اہتمام کیا گیا جس میں جوڈیشل ایمپلائز ایسوسی ایشن، پوسٹل ایمپلائز یونین، ٹیچرز آرگنائزیشن، انجمن تاجران، پی ایس ایف اور دیگر طلبہ تنظیموں اور ٹریڈ یونینوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ پوسٹ گریجویٹ کالج گراؤنڈ سے شروع ہونیوالی احتجاجی ریلی کے شرکا نے شہدائے شکاگو کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے عالمی سوشلسٹ انقلاب کے حق میں نعرے لگائے۔ ریلی شہر کا چکر لگانے کے بعد احاطہ عدالت میں جلسہ کی شکل اختیار کر گئی۔ احتجاجی ریلی کے شرکا سے PTUDC کے مرکزی آرگنائزریاسر ارشاد، جوڈیشل ایمپلائز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر آفتاب تبسم، JKNSF کے مرکزی سیکرٹری جنرل خلیل بابر، ضلعی چیئرمین ابرار لطیف، PSF کے ممبر سنٹرل کمیٹی رضوان نور، ٹیچرز آرگنائزیشن کے ضلعی نائب صدر خالد بابر، انجمن تاجران کے رہنما کاشف عباس، پوسٹل ایمپلائز کے ضلعی صدر حلیم ساجد، جوڈیشل ایمپلائز کے ضلعی صدر سہیل اشرف، PTUDC کے ضلعی آرگنائزر عمر شفیع، JKNSF کالج یونٹ کے رہنما التمش تصدق، حارث قدیر اور دیگر نے خطاب کیا۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے شکاگو کی قربانیوں سے رقم کی گئی تاریخ آج ہم سے تقاضا کرتی ہے کہ دنیا بھر میں محنت کشوں اور نوجوانوں کو متحد کرتے ہوئے اس کرہ ارض سے سرمایہ داری کی غلاظتوں کو اکھاڑ پھینکتے ہوئے نسل انسانی کو ایک سوشلسٹ مستقبل کی منزل کی طرف گامزن کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج کاحکمران طبقہ محنت کشوں کو نسلی، قومی، علاقائی، قبائلی اور مذہبی تعصبات میں تقسیم در تقسیم کر کے اپنے نظام حکمرانی کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔ پوری دنیا میں سرمایہ دارانہ نظام نے محنت کشوں اور نوجوانوں کو بھوک، ننگ، جہالت، اذیت، دہشت اور استحصال کے بھیانک اندھیروں میں دھکیل رکھا ہے، 1886ء میں شکاگو کے محنت کشوں نے بین الاقوامی اتحاد کو ہی نجات گردانا تھا، آج محنت کشوں اور نوجوانوں پر فریضہ عائد ہوتا ہے کہ محنت کشوں کے عالمی اتحاد کو یقینی بناتے ہوئے اس نظام کیخلاف فیصلہ کن لڑائی لڑی جائے اور اس کرہ ارض سے ہر طرح کی محرومیوں کا خاتمہ کرتے ہوئے طبقات سے پاک معاشرے کی تعمیر کا عمل شروع کیا جائے۔