شمالی پنجاب میں یوم مئی کی تقاریب

ملک کے دوسری حصوں کی طرح محنت کشوں کا عالمی دن شمالی پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی انقلابی جوش و جذبے سے منایا گیا۔

راولپنڈی
رپورٹ: مسعود حنیف
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپیئن (PTUDC) اور پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے زیر اہتمام یوم مئی کے موقع پر TMA راول ٹاؤن میں صبح 10 بجے جلسہ و ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں کم و بیش 31یونینز، ایسوسی ایشنز اور طلبہ تنظیموں نے شرکت کی۔ پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپیئن، پاکستان ورکرز کنفیڈریشن، میونسپل لیبر یونین، واسا ورکر زیونین، سٹاف ورکر زیونین (واسا)، PTDC ایمپلائز یونین، لائن سٹاف یونین PTCL، واپڈا ہائیڈرو ورکرز یونین، ایپکا، عوامی ورکر پارٹی، بے روزگار نوجوان تحریک، DMO ایمپلائز اینڈ ورکرز یونین (پوسٹ)، PIMS نرسنگ ایسوسی ایشن، PWD ورکرز یونین، چھابہ فروش یونین، ریڑا یونین، ایریگیشن یونین، ریلوے محنت کش یونین، ریلوے لیبر یونین، ریلوے ورکرز یونین،FBR ایمپلائز یونین، ٹیچرز یونین، نان گزٹڈ ایسوسی ایشن، پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن، JKNSF اور دیگر اداروں کے مزدور قائدین اور ہزاروں محنت کشوں نے جلسے میں شرکت کی۔ مزدور قائدین نے شہدائے شکاگو کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا آج تجدیدِ عہد کا دن ہے کہ ہم محنت کشوں کو متحدکر کے عوام دشمن اور مزدور دشمن پالیسوں کے خلاف مقابلہ کی تیاری کریں۔ ہمارا اتحاد حکمرانوں اور سرمایہ دارانہ نظام کی موت ثابت ہوگا۔ ہم اس نظام کے خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ تقریب کے آخر میں TMA راول ٹاؤن سے لیاقت باغ چوک تک ریلی نکالی گئی۔ مزدوروں نے بینرز اور پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے اور فلک شگاف انقلابی نعرے لگا رہے تھے۔

اٹک
رپورٹ: رانا فیصل علی خان، ثاقب سہیل
مورخہ یکم مئی بروز جمعرات پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپیئن (PTUDC) اور PWD ورکرزیونین کے زیر اہتمام صبح 9 بجے جلسے کا انعقاد کیا گیا جس میں ایپکا، واپڈا ہائیڈور ورکرز یونین، نوپ (پوسٹ)، ورک مین ایسوسی ایشن (POF)، موبی لنک ٹاور یونین، ٹیچرز ایسوسی ایشن و دیگر اداروں کے مزدور قائدین اور سینکڑوں محنت کشوں نے شرکت کی۔ جلسہ کے اختتام پر PWD آفس سے فوارہ چوک اٹک تک ریلی نکالی گئی۔
یوم مئی سے پہلے مورخہ 30 اپریل PWD ورکرز یونین کے زیر اہتمام مزدور کنونشن کا انعقاد کیا گیا ہے جس کا بنیادی مقصد عوام دشمن اور مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کا مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینا تھا۔ اس کنونشن کی صدارت PWD ورکرز یونین کے جنرل سیکرٹری ریاض بھٹی نے کی۔ کنونشن میں ورک مین ایسوسی ایشن (POF) نے نو منتخب صدر راجہ عابد نذیر کیانی، PTUDC کے مرکزی رہنماء کامریڈ پرویز ملک، PTUDC واہ کے آرگنائزرکامریڈ ثاقب سہیل، کلیریکل ایسوسی ایشن (POF) کے صدر شاہد انوار، PWD یونین بلڈنگ کے چیئرمین منظور الٰہی، PWD یونین پروینشل کے چیئرمین راجہ ظریف، PWD ورکرز یونین اٹک کے چیئرمین رانا فیصل علی خان، PWD یونین کے چیئرمین ریاض مغل، ورک مین ایسوسی ایشن کے کونسلررانا شاہد علی خان، واپڈا ہائیڈور ورکرز یونین کے ڈویژنل سیکرٹری سکندر بٹ، واپڈا ہائیڈرو ورکرز یونین کے زونل سیکرٹری سید رحیم شاہ، ٹیکسٹائل فیڈریشن کے نائب صدر منیب بٹ، ایپکا ضلع اٹک کے صدر محمد نوید، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اٹک کے سابق صدر رانا افضل علی خان، پروفیسر منظور، داؤد غیور نوپ (پوسٹ)، PLB کے صدر افسر خان، پیپلز پارٹی کے رہنما جنرل سیکرٹری شیخ اشتیاق، PTUDC کے کامریڈ چنگیز و دیگر اداروں کے مندوبین نے شرکت کی۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ حکمران عوام کے مسائل حل کرنے سے قاصر ہو چکے ہیں اور اُن سے ہمیں کسی خیر کی توقع نہیں رکھنی چاہئے، وقت آگیا ہے کہ ہم تمام تر تعصبات سے بالا تر ہو کر سرمایہ دارانہ نظام کو اُکھاڑ کر مزدور راج قائم کرنے کی جدوجہد تیز کریں۔ تقریب کا اختتام مزدوروں کے عالمی ترانہ گا کر کیا گیا۔

واہ کینٹ
رپورٹ: ثاقب زین
یوم مئی کے سلسلے میں POF واہ کینٹ میں ہر سال کی طرح ایک شاندار جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا تھا۔ مختلف اداروں کے محنت کشوں نے POF ورکمین ایسوسی ایشن کے دفتر کے سامنے اکٹھا ہو کر پہلے شہدائے ستمبر کی یاد گار پر حاضری دے دی جس کے بعد یہ ریلی جناب عابد نذیر کیانی (صدر POF ورکمین ایسوسی ایشن، صدر مزدور رابطہ کمیٹی) اور طاہر حمید بٹ ( جنرل سیکٹری POF ورکمین ایسوسی ایشن)، POF آل ایمپلائز ایسوسی ایشن اور مزدور رابطہ کمیٹی کے عہدیداران کی قیادت میں ویلفیئر کلب پہنچی جہاں ایک شاندار جلسہ عام کا اہتمام کیا گیاتھا۔ جلسہ کی صدارت جناب عابد نذیر کیانی نے کی۔ ماضی کی بے ہودہ اور فرسودہ روایات کو توڑتے ہوئے اس بار فلنگ فیکٹری کے ایک بہادر اور غیور مزدور امجد نہال کو مہمان خصوصی کے طور پر جلسہ عام میں مدعو کیا گیا تھا جو کہ فیکٹری میں کام کرتے ہوئے ایک حادثے میں اپنی ایک آنکھ اور ایک بازو سے محروم ہو چکے ہیں۔ دیگر مہمانان گرامی میں رحیم شاہ (زونل سیکٹری WHEWU اٹک زون اور جنرل سیکٹری مزدور رابطہ کمیٹی)، عطااللہ شاہ (HMC ایمپلائز یونین اور DGS مزدور رابطہ کمیٹی)، منیر بٹ (آل پاکستان ٹیکسٹائل فیڈریشن اور سرپرست اعلی مزدور رابطہ کمیٹی) اور POF ایمپلائز ایسوسی ایشن کے عہدیداران شامل تھے۔

تقریب کے آغاز میں مئی 1886ء میں شکاگو کے مزدور شہداء کی جدوجہد اور قربانی اور یوم مئی کو مزدوروں کے عالمی دن قرار دیے جانے کی تفصیلات جناب بشیر احمد کیانی نے بیان کیں۔ اس موقع پر مقررین نے شہدائے شکاگو کو خراج تحسین پیش کیا اور مزدوروں کو تمام تر مذہبی، لسانی، علاقائی، قومی اور فرقہ وارانہ تعصبات سے بالا تر ہو کر مزدوروں کے مسائل کے حل کے لیے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک ہی جھنڈے تلے اکٹھا ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔ POF کلریکل ایسوسی ایشن کے صدر اور مزدور رابطہ کمیٹی کے سنیئر نائب صدرجناب شاہد انور نے کہا کہ حکمران اور سرمایہ دار ہمیں مختلف بنیادوں پر تقسیم کر کے ہمارا استحصال کرتے ہیں۔ اس لیے ہمیں تمام تر تعصبات سے بالا تر ہو کر ایک منظم جدوجہد کے ذریعے اپنے مسائل کے حل کے لیے نظام کی تبدیلی کی طرف بڑھنا چاہیے۔ آخر میں POF ورکمین ایسوسی ایشن کے صدر اور مزدور رابطہ کمیٹی ٹیکسلااٹک کے صدر جناب عابد نذیر کیانی نے کہا کہ ہمارے مسائل حل کرنے کی بجائے انتظامیہ ہمارے لیے مشکلات کھڑی کر رہی ہے لیکن محنت کش یہ صورتحال زیادہ دیر تک برداشت نہیں کریں گے۔ چیئرمین POF بورڈ اور انتظامیہ کو اپنا رویہ تبدیل کرنا ہو گا۔ مزدوروں کے مسائل کو فوری طور پر حل کرناان کی ذمہ داری ہے۔ انتظامیہ اپنی ذمہ داری پوری کرے کیونکہ محنت کش پہلے ہی اپنی ذمہ داریوں سے بڑھ کر ادارے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ اس کے بعد صدر تقریب نے مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا اور تمام محنت کشوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جلسے کا باقاعدہ اختتام کیا۔