[رپورٹ: PTUDC فیصل آباد]
فیصل آباد میں یوم مئی کے حوالے سے مختلف ٹریڈ یونینز کے طرف سے ریلیاں اور جلسے منعقد کئے گئے۔ پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے کارکنان نے ان تقاریب میں بھرپور شر کت کی اورلیف لٹ تقسیم کئے۔
دوپہر دو بجے CPC ہا ل الائیڈ ہسپتال میں PTUDC کے طرف سے لیبر ڈے کا پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔ 30 اپریل کو الائیڈ ہسپتا ل کےM.S نے مزدور دشمن عناصر کے دباؤ میں آکر ہال کی بکنگ کینسل کردی جس کے بعد PTUDC اور پیرا میڈیکل الا ئنس کی مشترکہ کوشش سے نرسنگ سکول کے ہال میں سیمینار کرنے کی اجازت لی گئی اوردرخواست پر M.S نے دستخط بھی کر دئیے۔ یکم مئی کو 1 بجے نرسنگ سکول کی پرنسپل نے تقریب منعقد کرنے سے منع کر دیا۔ وجہ پوچھنے پر محترمہ نے بتایا کہ اسے دھمکیاں دی گئی ہیں کہ اگر یہ پروگرام ہوا تو آپ کی انکوائری لگائی جائے گی کیو نکہ یہ حکو مت مخا لف پروگرا م ہے۔ اس ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے فو ری طو ر پر PTUDC بیورو نے میٹنگ کال کی جس میں فیصلہ ہوا کہ الائیڈ ہسپتال کے مزدوروں کی PMC کا لونی میں اوپن پروگرام منعقد کیا جا ئے گا۔ دیکھتے ہی دیکھتے کامریڈزاور محنت کشوں کی ا شتراکی کاوشوں اور عزم سے 250 کرسیوں پر مشتمل خوبصورت پنڈا ل سج گیا اور باقی انتظا ما ت بھی پورے کر لئے گئے۔
ساؤنڈ سسٹم پر انقلا بی ترانے سے فضا گو نجنے لگی اور ٹھیک دو بجے مختلف اداروں سے محنت کشوں کی ٹو لیاں آنے لگیں۔ 3 بجے مہمان خصوصی کامریڈ لال خان اور کامریڈ رنگ الٰہی (ایڈیٹر طبقا تی جدوجہد) کی آمد پر پورا پنڈال بھرا ہوا تھا اور لو گ قطاروں میں کھڑے تھے۔ تقریب میں الائیڈ ہسپتال، واسا، PTCL، ایپکا، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد، جی سی یو نیورسٹی، پیپلز پارٹی، تر قی پسند مصنفین، پاور لوم، ٹیکسٹائل، بار کونسل اور دوسرے شعبوں سے تعلق رکھنے والے محنت کشوں اور مزدور رہنماؤں نے شر کت کی۔ مقررین میں رائے اعجاز، اشرف کھوکھر، بابو ولیم روز، کامریڈعثمان، مجاہد، عصمت، پیپلز پارٹی سے رانا غلا م دستگیر، ریا ض مسیح، کا مر یڈ صفدر، علی زر یون شامل تھے۔
کامریڈ لال خان نے یوم مئی کی تاریخ پر رو شنی ڈا لتے ہوئے مزدوروں کے ا س عا لمی دن کی اہمیت بیان کی۔ انہوں نے 1968-69ء کے انقلا ب میں لا ئل پور کے محنت کشوں کے ا نقلا بی کردار کو بیان کیا اور مستقبل میں تحریک کا تناظر پیش کرتے ہوئے نوجوانوں کو انقلابی سوشلزم کے نظریات سے مسلح ہو کرمنظم ہونے کی ضرورت پر زور د یا۔ کامریڈ نے کہا کہ اب اس نظام کی تبد یلی نہ صرف محنت کشوں کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لئے ضروری ہے بلکہ تہذیب کی بقا اور نسل انسا نی کا مستقبل بھی سوشلسٹ انقلاب کی کامیابی سے جڑ گیا ہے۔ پروگرام کے اختتام پر سامعین نے طبقاتی جدوجہد کے سٹال کا وزٹ کیا اور انقلابی لٹریچر خریدا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض کامریڈ عمر نے سرانجا م دئیے۔