محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر دادو، سکھر اور نواحی علاقوں میں ریلیاں، جلسے اور سیمینار منعقد کئے گئے۔
دادو
رپورٹ: کامریڈ ضیاء
یکم مئی کو دادو میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کئمپین(PTUDC) کی جانب سے ہائی ویز لیبر ہال سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس میں واپڈا ہائڈرو الیکٹرک سینٹرل لیبر یونین، پیرامیڈیکل یونین، بیڑی مزدور یونین، ہوٹل مزدور یونین، میونسپل ورکرز یونین اور رکشا یونین کے سینکڑوں محنت کشوں نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکا مہنگائی، بیروزگاری، نجکاری اور لوڈشیڈنگ کے خلاف نعرے لگارہے تھے۔ ریلی سے PTUDC کے صوبائی صدر کامریڈ انور پہنور، واپڈا ہائڈرو یونین کے ضمیر کوریجو، بیڑی ورکرز یونین کے دوست علی، رکشا یونین کے صدر عباس علی وگھیو، پیرا میڈیکل اسٹاف یونین کے صدر راجہ رفیق پنہور، بیروزگار نوجوان تحریک ضلع دادو کے صدر کامریڈ خالد جمالی، ہوٹل ورکرز یونین کے صدر چاچا غلام قادر انڑ، PTUDC دادو کے صدر اور ہائی ویز یونین کے رہنما موریل پنہور اور کامریڈ خاصخیلی نے خطاب کیا اور کہا کہ شکاگو کے شہیدوں نے جو آٹھ گھنٹے محنت کا حق حاصل کیا تھا آج حکمران طبقے نے وہ بھی ہم سے چھین لیا ہے۔ ان حکمرانوں نے بے جا ٹیکس عائد کرکے مہنگائی کو اتنا بڑھا دیا ہے کہ مزدور اوور ٹائم ورک کرنے پر مجبور نظر آتا ہے۔ استحصال کا یہ عمل تب تک جاری رہے گا جب تک ہم سرمایہ دارانہ نظام کو ختم نہ کردیں۔ انسانیت کی فلاح صرف سوشلسٹ معاشرے میں ہی ممکن ہے جہاں پورے سماج کی محنت کی حاصلات ہر انسان کو میسر ہوں۔
جوہی
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کی طرف سے شکاگو کے شہیدوں کو سرخ سلام پیش کرنے کے لئے BNT آفس جوہی سے ڈاکٹر منظور لغاری چوک اور پھر پریس کلب تک ایک شاندار ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ ریلی میں حجام یونین، درزی یونین، خاکروب یونین، لوئر اسٹاف یونین، پرائمری ٹیچرز یونین کے محنت کشوں اور بیروزگار نوجوان تحریک کے کارکنان نے شرکت کی۔ شرکا سے بزرگ مزدور رہنماغلام حسین، نقاد تھیم، حجام یونین کے کامریڈ انور سیال، ضمیر حسین لاشاری، درزی یونین کے کامریڈ شبیر رستمانی، جبن ببر، پ ٹ الف تحصیل جوہی کے صدر کامریڈ عزیز اللہ سومرو، کامریڈ امین لغاری، کامریڈ رزاق رند، کامریڈ صدام خاصخیلی نے خطاب کرتے ہوئے شکاگو کے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کیا او ر دنیا کی موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالی۔ ریلی میں شریک مزدوروں اور کامریڈز نے جذباتی انداز میں انقلابی نعرے بازی کر کے ماحول کو گرما دیا۔
خیر پور میرس
PTUDC خیرپور میرس نے پوری دنیا کی طرح خیرپور میرس میں بھی مورخہ 30 اپریل کو یکم مئی کی رات پھول باغ خیر میں یونائیٹڈ لیبر فیڈریشن کے اشتراک سے شکاگو کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے جلسہ منعقد کیا گیا۔ جلسے میں پورے شہر کی مزدورتنظیموں اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز رات ساڑھے دس بجے سندھی موسیقی سے کیا گیا۔ پروگرام کی صدارت سابقہ ایم پی اے ظفر اقبال نے کی جبکہ مہمان خصوصی PTUDC سندھ کے صدر کامریڈ انور پنہور تھے۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کامریڈ انور نے کہا کہ آج ہم ایک غیر معمولی دور میں رہ رہے ہیں، امریکا سے لیکر پاکستان تک محنت کشوں کی زندگیوں میں اذیتیں اور تکالیف بڑھ رہی ہیں، جینا محال ہوتا جا رہا ہے، سرمایہ داری اپنی تاریخی اور فیصلہ کن بحران کی زد میں ہے، اس بحران میں رہتے ہوئے مستقبل میں بہتری کی کوئی امید نہیں ہے۔ پاکستان میں خود کش بم دھماکوں سے لیکر حکمرانوں کے معاشی حملوں تک، ہر طرح سے محنت کشوں کو کچلا جارہا ہے۔ ان دکھوں اور تکالیف کا واحد حل صرف سوشلسٹ انقلاب ہے۔ دیگر مقررین میں ظفر اقبال، بلال، امجد لاشاری اور شاہنواز ڈہوٹ شامل تھے۔ آخر میں محفل موسیقی سے پروگرام کا اختتام کیا گیا۔
کے این شاہ
بیروزگار نوجوان تحریک (BNT) اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) خیرپور ناتھن شاہ کی طرف سے مزدور ریلی نکالی گئی جس میں مزدوروں اور نوجوانوں نے بھرپورشرکت کی۔ مزدور ریلی بلوچ پٹرول پمپ سے پریس کلب کے این شاہ تک نکالی گئی۔ مزدوروں سے خطاب کرتے ہوئے اعجاز ببر، آصف لاکھیر، عیسیٰ چانڈیو، پ ٹ الف کے صدر عبدا لغنی، ہمالی یونین کے صدر وزیر گاڈھی نے کہا کہ آٹھ گھنٹے کام کے اوقات کار شکاگو کے شہدا کی قربانیوں کا نتیجہ ہیں۔ اس جدوجہد کو آگے بڑھاتے ہوئے سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف سوشلسٹ انقلاب برپا کرنے کی ضرورت ہے۔ آج محنت کشوں کے مسائل کا یہی واحد حل ہے۔
قاضی احمد
یکم مئی کو شکاگو کے شہدا کو سرخ سلام پیش کرنے کے لئے PTUDC اور مزدور اتحاد یونین قاضی احمد کی طرف سے ریلی نکالی گئی جس میں شہر کے مزدوروں، کسانوں اور طلبہ نے شرکت کی۔ ریلی ناز محل ہوٹل سے مہنگائی، بیروزگاری اور نجکاری کے خلاف فلک شگاف نعروں کی گونج میں پریس کلب قاضی احمد پہنچ کر جلسہ کی شکل اختیار کر گئی۔ مزدوروں سے خطاب کرتے ہوئے مزدور اتحاد یونین کے جنرل سیکریٹری مولا بخش، PTUDC کے یار محمد لاکھو اور BNT کے رہنما اعجاز بگھیو نے کہا کہ اس کڑی دھوپ میں شکاگو کے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرنا محض ایک روایت نہیں بلکہ اب محنت کشوں کے قافلے آگے بڑھ کر اپنے استحصال کا انتقام لینے کے لئے منظم ہو رہے ہیں۔ جب تک مزدور، کسان، خواتین، طلبا و طالبات، بیروزگار نوجوان منظم ہو کہ سوشلسٹ انقلاب برپا نہیں کرتے تب تک شکاگو کے شہید مزدوروں کا انتقام ادھورا رہے گا۔ دنیا بھر کے محنت کشوں کو اس مقصد کے لئے ایک ہونا ہوگا۔ جلسے کے بعد PTUDC کی دعوت پر میٹنگ کی گئی جس میں باضابطہ ماہانہ مزدوراجلاس کا فیصلہ کیا گیا۔
سکھر
رپورٹ: سعید خاصخیلی
واپڈا ہائیڈرو یونین، PTCL ورکرز یونین، میونسپل ورکرز یونین اور PTUDC کی مشترکہ ریلی صبح دس بجے ہیرا میڈیکل سنٹرسے شروع ہوئی۔ شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر محنت کشوں کے مطالبات درج تھے۔ لال جھنڈوں کے سائے میں جذباتی نعرے بازی کے ساتھ ریلی تیر چوک سے ہوتی ہوئی گھنٹہ گھر چوک پر پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔ جلسہ کی صدارت واپڈا ہائیڈرو یونین سکھر کے چیئرمین سید زاہد حسین شاہ نے کی۔ جلسے کا آغاز انقلابی نظم کے ساتھ کیا گیا۔ اس کے بعد تقاریر کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ مقررین میں واپڈا ہائیڈرو یونین سکھر کے چیئرمین سید زاہد حسین شاہ اور جنرل سیکریٹری نور محمد لاشاری، سائیں داد چاچڑ، کامریڈ سعید، PTCL کے عقیل احمد شامل تھے۔ مقررین نے نجکاری اور عوام دشمن معاشی پالیسیوں کی مذمت کرتے ہوئے سرمایہ داری کے خلاف مشترکہ جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا۔