’’سیاسی پارٹیاں مزدور دشمن قوانین اور کنٹریکٹ لیبر کے خاتمے کا اعلان کریں، آئی ایم ایف کے عوام دشمن ایجنڈے سے لاتعلقی کا عہد کریں اور تمام برطرف مزدوروں کو بحال کرنیکا وعدہ کریں، سرمایہ داری کے خاتمے اور مزدوروں کے استحصال کے تمام ذرائع ختم کرنے کا اعلان کریں ۔پیداوار پر مزدور کا حق تسلیم کیا جائے۔مزدوروں کو بتایا جائے کی حکمران طبقے نے پچھلے چونسٹھ سالوں میں مزدوروں کیلئے کیا کیا ہے اور اب اگلے پانچ سالوں میں انکے پاس کونسا پروگرام ہے۔مزدوروں پر معاشی حملے کرنے والوں کو ووٹ کیوں دیا جائے اور جن پارٹیوں کا معاشی ایجنڈا ’’منڈی کی معیشت‘‘ کے اصولوں کی تابعداری ہے وہ مزدوروں سے کس منہ سے ووٹ مانگتے ہیں۔شکاگو کے شہیدوں نے آٹھ گھنٹے کے کام کے لئے اپنی جان کی قربانی دی مگر پاکستان میں کھلے عام مزدوروں سے بارہ سے اٹھارہ گھنٹے کام کرایا جارہا ہے۔فیکٹری ایکٹ اور مزدور قوانین بے اثر ہوچکے ہیں، لیبر ڈیپارٹمنٹ مالکان کے مفادات کے لئے کام کرتا ہے، مزدور عدالتوں میں جج نہیں ہیں، بیس بیس سال مقدمے چلتے ہیں، فیس دینے کی اہلیت سے محروم مزدوروں کو کسی جگہ انصاف نہیں ملتا۔ساری سیاسی پارٹیوں میں گھوسٹ لیبر ونگ ہیں، مزدوروں کے مفادات کے خلاف کام کرکے خود کو مزدوروں اور کسانوں کے نمائندگا ن ظاہرکیا جاتا ہے۔کروڑ پتیوں کی جمہوریت میں مزدوروں کے خلاف قوانین بنتے ہیں ۔مزدوروں کے مفادات کا تحفظ اکثریتی 99 فی صد طبقے کے اقتدار پر قبضے کے بغیر نہیں کیا جاسکتا جو سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے ہیں ممکن ہے۔‘‘ ان خیالات کا اظہار پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے زیر اہتمام یوم مئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے مرکزی چیئرمین قمرالزماں خاں، ایمپلائیز یونین ایف ایف سی بیگنگ اینڈ لوڈنگ کنٹریکٹر کے جنرل سیکرٹری راؤ طاہر علی، مزدور یونین بیگنگ اینڈ لوڈنگ فاطمہ فرٹیلائیزر کمپنی کے چیئرمین نواب دین لاشاری، ایپکا کے صدر چوھدری منیر احمد، لیب ورکرز ایسوسی ایشن کے صدر فقیر محمد، ورکرز یونین سی بی اے، ایف ایف سی گوٹھ ماچھی کے صدر عارف شاہ، آل کنٹریکٹرز ایمپلائیز یونین فاطمہ فرٹیلائیزر کمپنی کے سینئر نائب صدر محمد اسلم، پی ٹی یو ڈی سی کے آرگنائیز ر محمد جہانزیب بابر، جمعیت علما اسلام سمیع اللہ گروپ کے صدر لیبر ونگ پنجاب محمد سرور اعجاز، اتفاق یونین غلہ منڈی کے جنرل سیکریٹر ی لیاقت علی، پی ڈبلیو ڈی رحیم یارخاں کے چیئرمین حبیب احمد چانڈیہ، الصداقت ایمپلائیز یونین سی بی اے JDW شوگر ملز کے سینئر نائب صدر علی مراد، مزدور یونین فاطمہ فرٹیلائیزر یونین کے جنرل سیکریٹر ی سجاد احمد کٹہ، حافظ ضیاالحق بٹ، صدر رکشہ یونین ندیم بٹ، پیپلز لائیرز فورم کے صدر میاں عبدالوکیل ایڈووکیٹ نے کیا۔
اس موقع پر انقلابی شاعر رشید دوستم نے اپنے انقلابی کلام سے جلسے کو گرمایا۔قبل ازیں یوم مئی کی ریلی کا آغاز صبح ساڑھے سات بجے فوجی فرٹیلائیزر کمپنی گیٹ نمبر 8 سے ہوا، سینکڑوں مزدور موٹر سائیکلوں پر سوار درانتی ہتھوڑے والے سرخ پرچم اٹھا کر انقلابی نعرے لگاتے ہوئے جمال دین والی شوگر ملز کے سامنے پہنچے، وہاں سے ریلی 8بجے فاطمہ فرٹیلائیزر کمپنی کے گیٹ نمبر 3، گیٹ نمبر 2 اور پھر گیٹ نمبر ایک پر پہنچی ۔فاطمہ چوک سے سینکڑوں مزدور ریلی میں شامل ہوئے، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کی یوم مئی کی ریلی ساڑھے آٹھ بجے فوجی فرٹیلائیزر گیٹ نمبر ایک پرپہنچی جہاں سینکڑوں مزدوروں نے ریلی کا استقبال کیا۔ریلی شاہراہ پاکستان سے ہوتی ہوئی محکمہ ہائی وے کے دفتر کے سامنے پہنچی جہاں سے پنجاب پی ڈبلیوڈی کے کارکن سرخ جھنڈوں اور سرخ پگڑیاں پہنچے استقبال کے لئے موجود تھے۔غوثیہ چوک پر ایپکا، یونائیٹڈ ایتھانول، اتحاد ورکرز یونین تحصیل کونسل، رکشہ یونین، پیپلز لائیرز فورم، لیبر ونگ کے سینکڑوں کارکنوں نے ریلی کا استقبال کیا۔سرمایہ داری نظام مردہ باد، جاگیر داری مردہ باد، خاندانی جمہوریت مردہ باد، جب تک جنتا بھوکی ہے یہ آزادی جھوٹی ہے، انقلاب انقلاب ۔۔۔سوشلسٹ انقلاب کے نعرے لگاتی ہوئی ریلی اسپتال چوک، انڈر پاس، ریلوے روڈ سے ہوتی ہوئی شہید بھٹو چوک پر پہنچی۔ جلسے میں اسٹیج سیکریٹر ی کے فرائض کامریڈ عبدالصمد ایڈووکیٹ نے سرانجام دیے۔