کوئٹہ میں یوم مئی کے موقع پر ریلی

[رپورٹ: سُر گل]
پاکستان ورکرز فیڈریشن کے زیر اہتمام یوم مئی کی مناسبت سے ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف اداروں سے محنت کشوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جن مزدور تنظیموں سے محنت کشوں نے شرکت کی ان میں مر ک ایمپلائز یونین، بلوچستان پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ورکرز یونین، ایگریکلچر ورکرز یونین، ریلوے ورکرز یونین ، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپین (PTUDC)شامل ہیں۔ ریلی صبح دس بجے ریلوے سٹیشن کوئٹہ سے بر آمد ہوئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی واپس ریلوے سٹیشن کے پلیٹ فارم پر ایک بڑے جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔ اس دوران مزدوروں نے شدید نعرے بازی کی۔ جلسے میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض ایگریکلچر ورکرز یونین کے ناصر راہی نے ادا کیے۔ جلسے سے بلوچستان پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ورکرز یونین کے صدر محمد عمر، مرک ایمپلائز یونین کے جنرل سیکر ٹری منظور بلوچ، ایگریکلچر ورکرز یونین کے صدر علی گل اور PTUDC کے کامریڈ علی رضا منگول نے خطاب کیے جبکہ جلسے کی صدارت ریلوے ورکرز یونین کے صدر غلام نبی بروہی کر رہے تھے۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج پاکستان کے حکمران طبقات ایک انتخابی ناٹک کے ذریعے محنت کشوں کو پھر ایک جھانسا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جبکہ ایک بات بالکل طے ہے کہ موجودہ سرمایہ دارانہ نظام کی موجودگی میں محنت کشوں کی زندگیوں میں کوئی بنیادی تبدیلی نہیں آسکتی۔ پچھلے پانچ سال کے جمہوری دور میں محنت کشوں پر بد ترین معاشی حملے کیے گئے۔ اس کے ساتھ ساتھ محنت کشوں کو مذہب ، زبان ، رنگ اور نسل کی بنیاد پر تقسیم کرنے کی بے شرمانہ کوشش کی جارہی ہے۔ لیکن جب تک طبقاتی استحصال موجود رہے گی اُس وقت تک محنت کشوں کی اس نظام کے خلاف جد وجہد بھی جاری رہے گی۔