اسلام آباد اور شمالی پنجاب میں یوم مئی کی تقریبات

[رپورٹ: اویس قرنی]
دنیا بھر کی طرح شمالی پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی محنت کشوں کا عالمی دن شہدائے شکاگو کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عظم کے ساتھ منایا گیا کہ استحصال سے پاک سوشلسٹ سماج کے قیام تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

اسلام آباد
یکم مئی 2013 کو پوسٹل ہیڈکوارٹر G-8/4 میں شکاگو کے شہیدؤں کی عظیم جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے پاکستان پوسٹ آفس ڈائریکٹوریٹ جنرل ایمپلائز یونین سی بی اے اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کیمپئین کے زیرِاہتمام پرو گرام کا انعقاد کیا گیاجس میں اسلام آباد کی تمام تر ٹریڈیونینز نے شرکت کی۔ پوسٹ آفس ایمپلائز یونین سی بی اے، پی ٹی سی ایل، ایپکا، FBR ،PIMS نرسنگ ایسوسی ایشن، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ ٹیچنگ اورنان ٹیچنگ سٹاف، بے روزگار نوجوان تحریک، پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن اور PWD سے بڑی تعداد میں محنت کشوں اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ پروگرام کی صدارت پرویز اختر (جنرل سیکر ٹری ایمپلائز یونین سی بی اے ) نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی کامریڈ لال خان تھے اور سٹیج سیکر ٹری کے فرائض کا مریڈ سجاد ملک نے سر انجام دئیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک مقبول حسین، اعجاز خان، غلام مصطفی (پی ٹی سی ایل) اور ذیشان شاہ (PWD) نے موجودہ ٹریڈ یونین کی کیفیت اور مزدور تحریک کی کیفیت پر بات رکھی اور یوم مئی کی مناسبت سے مزدوروں کی قربانیوں اور بغاوتوں کا تذکرہ کیا اور مزدور اتحاد پر زور دیا۔ کامریڈ حنا زین نے اپنے خطاب میں پوری دینا میں محنت کشوں کی بغاوتوں و تحریکوں کا ذکر کیا اور محنت کشوں کے مسائل کے حل پر بات رکھتے ہوئے انہوں نے مزدوروں کی جڑت اور عالمی سوشلسٹ انقلاب کے لئے ناقابلِ مصالحت جدوجہد پر زور دیا۔ معروف سیاسی و سماجی کارکن فرزانہ باری نے مزدوروں کے عالمی دن کے حوالے سے محنت کش خواتین اور بالخصوص گھریلو خواتین کے مسائل پر بات رکھتے ہوئے انقلابی سرگرمیوں میں خواتین کی شمولیت پر زور دیا۔ پرویز اختر نے اپنی بات میں محنت کشوں کی موجودہ حالتِ زار بیان کی اور آئندہ ہونے والی ٹریڈ یونین سرگرمیاں کو تمام ٹریڈ یونینز کے ساتھ ملکر سر انجام دینے کا اعادہ کیا۔ کامریڈ لال خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس وقت ہر طرف انتخابات کا شور مچایا جا رہا ہے تمام تر ریاستی مشینری جن میں عدلیہ، فوج اور میڈیا شامل ہیں یہ بات باور کرانے میں مصروف ہیں کے انتخابات اور سرمایہ دارانہ جمہوریت تمام تر مسائل کا حل ہے لیکن اگر بغور دیکھا جائے تو کسی بھی پارٹی کا پروگرام دوسروں سے مختلف نہیں ہے اور کسی بھی پارٹی کے منشور میں محنت کش طبقے کے مفادات کی بات نہیں ہے۔ کامریڈ نے کہا کہ محنت کش طبقے کا مسائل کا حل اس منڈی کی معیشت میں ممکن نہیں ہے۔ محنت کش طبقے کو متحد ہو کر اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کرنا ہوگی اور سرمایہ داری کا خاتمہ کرتے ہوئے سوشلزم کی فتح تک ناقابلِ مصالحت لڑائی لڑنا ہوگی۔ تقریب کا باقاعدہ اختتام مزدوروں کے عالمی ترانے سے کیا گیا۔

راولپنڈی
پاکستان ورکرز کنفیڈریشن اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے زیر اہتمام شہدائے شکاگو کو سرخ سلام پیش کرنے لیے لئے راولپنڈی پریس کلب لیاقت باغ میں صبح 10 بجے ایک تقریب رکھی گئی۔ اس تقریب میں واپڈا ہائیڈرو یونین، پوسٹل میل ورکر ز یونین، PTDC ایمپلائز یونین، ریلوے لیبر یونین، ریلوے ورکرز یونین، PWD ورکرز یونین، بے روزگار نوجوان تحریک، PSF ،PFU ،JKNSF، پاکستان مزدور محاذ، PTUDC اور PYA کے طلباء و مزدور راہنماؤں، محنت کشوں اور نوجوانوں نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ اختتام ریلی نکال کر کیا گیا۔

اٹک
اٹک شہر میں PTUDC اور PWD ورکرز یونین کے زیرِ اہتمام PWD آفس سے کچہری چوک تک ریلی نکالی گئی جس میں محنت کشوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی سے کامریڈ پرویز ملک (PTUDC)، ریاض بھٹی، رانا فیصل، راجہ ظریف، شیخ غیث (ایپکا)، پروفیسر منظور ایڈوکیٹ، منظور الٰہی اور BNT کے کامریڈ شیرجان نے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں یومِ مئی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ محنت اور سرمایہ کے مابین تضادات کو سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے سرمایہ داری کو اکھاڑ کرہی ختم کیا جا سکتا ہے اور تضادات سے پاک انسانی معاشرہ تخلیق کیا جا سکتا ہے۔

جنڈ
یکم مئی پر کمیونٹی ہال میں PTUDC اور BNT کے زیرِ اہتمام تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں واپڈا ہائیڈرو یونین، پنجاب ٹیچر یونین، جرنلسٹ یونین، سوئی ناردن گیس، OGDCL، پاکستان ریلوے کے محنت کشوں اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ پروگرام میں شکاگو کے شہیدوں کی اس ظالمانہ نظام کے خلاف جدوجہد کو جاری رکھنے کا عزم کیا گیا۔ اور مزدوروں کی متحدہ لڑائی لڑنے کا اعادہ کیا گیا۔ سامعین سے خطاب کرنے والوں میں واپڈا سے ظہور صاحب، پنجاب ٹیچر کے تحصیل صدر سید صفدر عباس، پرائیوٹ سکولوں کے راہنما حفیظ، پاکستان ریلوے سے کوثر صدیقی، PTUDC کے کامریڈ عابد اور کامریڈ زبیر شامل تھے جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض کامریڈ اعجاز نے سر انجام دیئے۔

واہ کینٹ
یوم مئی کے حوالے سے تما م دنیا کی طرح واہ میں بھی یوم مزدور بھرپور انداز میں منایا گیا۔ واہ میں یوم مئی کا پروگرام پی او ایف ورک مین ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام ایک بڑے جلسے کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں واہ کینٹ اور گردونواح کے مزدوروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جلسہ گاہ تمام شرکا اور ورک مین ایسو سی ایشن کی قیادت ایک بڑی ریلی کی صورت میں پہنچے۔ ریلی کا آغاز ورک مین ایسو سی ایشن کے دفتر سے کیا گیا۔ جلسہ گا ہ پہنچنے سے پہلے 1957ء کے مزدور شہداء کی یاد گار پر پھولو ں کی چادر چڑھائی گئی اور یہ عہد کیا گیا کہ مزدوروں کے تمام مسائل کے حتمی حل تک ناقابل مصالحت جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ اس کے بعد ریلی کے شرکاء جلسہ گاہ تک پہنچے جہاں پر مزدوروں کی ایک بڑی تعداد نے ریلی کے شرکا کا شاندار استقبال کیااور اس کے بعد جلسہ کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ جلسہ کا آغاز ڈپٹی جنرل سیکرٹری اختر محمود بٹ کے یوم مئی کے حوالے سے مقالہ سے کیا گیا اس کے بعد تقریر کے لیے جنرل سیکرٹری پی او ایف ورک مین ایسو سی ایشن رانا ظفر اقبال کو بلایا گیا جنہوں نے اپنی تقریر میں یوم مئی کی تاریخی حوالے سے اہمیت پرزور دیا اور پاکستان میں مختلف ادوار میں مزدور تحریک اور اس کے مزدوروں کے شعور پر پڑنے والے اثرات کے حوالے سے بات کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مزدوروں کا نہ کو ئی وطن ہے اور نہ کو ئی پارٹی ہے یہ محنت کش طبقہ ہی ہے جس کی بدولت تمام نظام زندگی رواں دواں ہے محنت کش طبقہ کے تمام تر مسائل کا حل ایک انقلاب کے ذریعہ ایک غیر طبقاتی سماج کے قیام کی صورت میں ہے اور اس کیلئے محنت کش طبقہ اپنی قیادت اپنے بیچ میں سے تراشے گا اور اس طبقاتی سماج کو غیر طبقاتی سماج میں تبدیل کرے گا۔ جلسہ کا اختتام پی او ایف ورک مین ایسوسی ایشن کے صدر جناب طارق محمود بٹ کے صدارتی خطبہ سے ہوا۔ ورک مین ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام یو م مئی کے اس جلسہ میں PTUDC کے کامریڈز نے اپنے بینر ز اور جھنڈوں کے ساتھ بھرپور شرکت کی ریلی میں کامریڈز نے نعروں سے ریلی کے شرکا کے دلوں کو گرمائے رکھااور جلسہ گاہ میں یوم مئی کے حوالے سے لکھا گیا پمفلٹ تقسیم کیا گیا جس کو مزدوروں کی طرف سے بہت سراہا گیا۔