رپورٹ:کامریڈ سعید:-
پوری دنیا کی طرح سکھر میں بھی01مئی2012 محنت کشوں کا عالمی دن پورے جوش و جذبے سے منایا گیا۔ مختلف مزدور تنظیموں نے شہر کے مختلف علاقوں سے ریلیاں نکالیں اور جلسے کئے۔ ایک ریلی حرا میڈیکل کمپلیکس سکھر سے بھی نکالی گئی جس کا انعقاد پاک ہائیڈرو الیکٹرک یونین کی جانب سے کیا گیا تھا۔جس میں پاکستان موٹرورکس ایسوسی ایشن سکھر، سندھ پیرا میڈیکل اسٹاف سکھر، پاکستان ورکرز فیڈریشن، ریلوے مزدور یونین،ایریگیشن یونین،CBAیونین پی ٹی سی ایل، اور پاکستاں ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین نے شرکت کی۔PTUDCکے کامریڈز ریلی میں بینر اور پلے کارڈز کے ساتھ شریک ہوئے ۔ریلی کی قیادت سرخ پرچم کر رہا تھا جس پر تحریر تھا "اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں”۔پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے کامریڈز کی جانب سے ریلی کے اختتام پر لیفلیٹ تقسیم کیا گیا۔
ایک دوسری ریلی کا انعقاد ریل بچاؤ اتحاد کی جانب سے کیا گیا ۔ ریلی مال گودام سے شروع ہو کر پریس کلب سکھر تک آئی جہاں پہنچ کر ریلی کے شرکاء نے دھرنا دیا اور ریلی سے مختلف عہدیداروں نے خطاب کیا۔ ریل بچاؤ اتحاد سکھر کے صدر اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے کامریڈ مشتاق خان نے خطاب کرتے ہوئے سرمایہ دارانہ نظام کو تمام مسائل کی جڑ قرار دیا اور ریلوے سمیت تمام اداروں کی نجکاری کو عوام کے حقوق پر ڈاکہ قرار دیا۔