یومِ مئی 2012سندھ میں کئی مقامات پر انقلابی جوش و جزبے اور اس عزم کے ساتھ منایا گیا کہ شہدائے شکاگو کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے سرمایہ دارانہ نظام کے دنیا بھر سے خاتمے تک سوشلسٹ انقلاب کی جدوجہد جاری رہے گی۔
دادو
رپورٹ۔ کامریڈ ضیاء
شکاگو کے شہید مزدوروں کی جرات کو سرخ سلام پیش کرنے اور مہنگائی، بیروزگاری، نجکاری اور لوڈشیڈنگ کے خلاف ہائی ویز لیبر ھال سے واپڈا لیبر ہال تک ریلی نکالی گئی جس میں متعدد مزدور تنظیموں کے سینکڑوں کارکن اور رہنما نے شرکت اور مہنگائی ، بیروزگاری، نجکاری اور لوڈشیڈنگ کے خلاف نعرے بازی کی۔ ریلی کے اختتام پر واپڈا لیبر ہال میں عام جلسہ منقعد کیا گیا۔ جلسہ کی صدارت کامریڈ صدام نے کی۔ جلسہ سے خطاب کرنے والوں میں بیروزگار نوجوان تحریک کے رہنما بابر پنہور، کامریڈ موریل پنہور، ہوٹل ورکرز یونین کے صدر چاچا غلام قادر، رکشا یونین کے صدر عباس وگھیو، پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف یونین کے ضلعی صدر راجہ رفیق پنہور، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپین کے صوبائی صدر کامریڈ انور پنہور، واپڈا ہائڈرو سینٹرل لیبر یونین کے رہنماؤں کامریڈ ضمیر کوریجو اور نظیر پنہور، درزی یونین کے نائب سینیر صد ر عبدالجبار ملاح اور صدر امام بخش وگھیو اور میونسپل امپلائیز ایسوسی ایشن کے رہنما عباس سہاگ شامل تھے۔
جوہی
رپورٹ۔ کامریڈ خادم کھوسہ
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کیمپین کی طرف سے یکم مئی کو جوہی میں شاندار جلسہ منعقد کیا گیا جس میں پرائمری ٹیچرز یونین، حجام یونین، درزی یونین،PBL، بیروزگار نوجوان تحریک کے ممبران و رہنماؤں نے شرکت کی۔ پروگرام کی چیئر کامریڈ امین لغاری نے کی، کامریڈ سائیں بخش رند نے مہمانوں کو ویلکم کیا۔ جلسہ سے کا مریڈ شبیر رستمانی، یونس سولنگی، انور سیال، پیر بخش ببر، کامریڈ خادم کھوسہ، کامریڈ انور پنہور، کامریڈ عزیزاللہ سومرو، کامریڈ بابر پنھور، کامریڈ صدام خاصخیلی، نقاد تھیم، کامریڈ بشیر تھیم نے خطاب کیا اور شکاگو کے شہید مزدوروں کی قربانی کو سراہا۔
حیدرآباد
رپورٹ : کامریڈ اویناش
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کی جانب سے شکاگو کے شہیدوں کی عظیم جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے حیدر چوک سے پریس کلب حیدرآباد تک ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر بھر کے مختلف علاقوں اور مختلف اداروں سے محنت کشوں، نوجوانوں، طلباء، خواتین و دیگر نے شرکت کرکے ریلی کی کامیابی کو یقینی بنایا، ریلی میں مختلف ٹریڈ یونینوں ’ایپکا، ڈاڈیکس فیکٹری، ریلوے محنت کش یونین‘ اور ان کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ ریلی حیدرچوک سے ہوتی ہوئی پریس کلب حیدرآباد پہنچی جہاں پہنچ کر اس نے جلسے کی شکل اختیار کر لی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مزدور رہنما کامریڈ جام ساقی، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے صوبائی آرگنائزر جے پرکاش، ضلعی صدر کامریڈ پیر محمد، کامریڈ غلام رسول میمن، نثار احمد چانڈیو، طبقاتی جدوجہد سندھی رسالے کے ایڈیٹر حنیف مسرانی، ایپکا کے ایسر داس، میرل برگڑی، ڈاڈیکس فیکٹری ایمپلائز یونین کے چیئرمین اخترغلام علی ، یونین عہدیدار محمد قیصر، ریلوے محنت کش یونین کے ڈویژنل صدر عزیز احمد کھوسو نے کہا کہ آج ہم شکاگو کے اُن عظیم شہیدوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے جمع ہوئے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کے نظرانے پیش کرکے سرمایہ داروں کو اپنے آگے جھکنے پر مجبور کردیا ان کی اس عظیم جدوجہد کو تاریخ میں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔آج سرمایہ داری عالمی طور پر ناکام ہوچکی ہے اور پوری دنیا کے محنت کش سڑکوں پر نکل آئے ہیں جبکہ پاکستان جیسے ملک میں آج 1886 ء سے کئی گنا زیادہ مظالم ڈھائے جارہے ہیں، غربت میں تیز ترین اضافہ ہورہا ہے، ہر روز 1100 سے زائد بچے صرف بھوک کی وجہ سے مرجاتے ہیں ، بجلی کی لوڈشیڈنگ نے لوگوں کی زندگیوں کوعذاب میں مبتلا کردیا ہے ، بیروزگاروں کی ایک بڑی فوج پیدا ہوچکی ہے، دوسری طرف جن اداروں میں پہلے سے روزگار موجود ہے ان میں محنت کشوں سے نجکاری اور ڈاؤن سائزنگ جیسی پالیسیوں کے ذریعے پاکستان کے محنت کشوں سے روزگار چھینا جارہا ہے، ان تمام مسائل کو صرف سوشلسٹ انقلاب کے زریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے جہا ں تمام اداروں کو محنت کشوں کے جمہوری کنٹرول میں دے کر پیدا وار کو انسانی ضروریات کے لئے استعمال میں لایا جاسکے۔آج پاکستان میں کئی اداروں کے محنت کش سڑکوں پر بر سرِاحتجاج ہیں اور ریاست ان پر تشدد کررہی ہے،ہم NCHD، پاکستان نرسز ایسوسیشن اور دیگر اداروں کے محنت کشوں کی جدوجہد کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ اُن کے مطالبات کو فوری طور پر منظور کیا جائے دوسری صورت میں PTUDC ملک گیر احتجاج کا سلسلہ شروع کرے گی۔
خیر پور ناتھن شاہ
رپورٹ : کامریڈ نظام چانڈیو
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کی جانب سے خیرپور ناتھن شاہ میں شکاگو کے شہیدوں کی یاد میں ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی جوکہ بلوچ پیٹرول پمپ سے ہوتی ہوئی شہرکے مین چوک میر حسن چوک تک مہنگائی ،بیروزگاری ، لوڈشیڈنگ اور نجکاری کے خلاف نعرے لگاتی ہوئی پریس کلب پہنچی۔ریلی میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین ،بیروزگار نوجوان تحریک کے رہنماؤں اور مختلف ٹریڈ یونینوں اور ویلڈنگ ورکس اتحاد، رکشاہ یونین، چھٹنگ اتحاد، ھمالی اتحاد، گدھا گاڑی اتحاداور بٹھی اتحاد سمیت شہر بھر کے مختلف علاقوں سے محنت کشوں اور طلباء نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مزدور یونین کے صدر منظور علی گاڈھی، ریولوشنری اسٹوڈنٹ فرنٹ کے کامریڈ ماجد علی بگھیو اور PTUDC کے کامریڈ نظام الدین چانڈیو نے کہا کے مزدور ہر روز ظلم اور ذیادتیوں کا شکار ہیں حکمرانوں نے ہر دور میں محنت کشوں کا استحصال کیا ہے اور آج بھی جاری ہے، یہ نظام آج ہمیں روزگار سمیت تمام بنیادی ضروریات سے محروم کررہا ہے، آج پوری دنیا میں محنت کش طبقہ شکاگو کے شہیدوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے لئے یہ دن منا رہا ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم تمام محنت کش ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوجائیں اور اس نظام کے خلاف لڑائی کا آغاز کریں یہ ہی واحد نجات کا راستہ ہے، شکاگو کے شہیدوں نے اپنی جانوں کا نذارانہ پیش کرکے محنت کش طبقے کی جدوجہد کو زندہ رکھا آج ثابت ہوچکا ہے کہ سرمایہ داری پوری دنیا میں تاریخی طور پر متروک ہوچکی ہے تمام مسائل کا واحد حل صرف سوشلسٹ انقلاب میں ہی ممکن ہے۔
رحمانی نگر
رپورٹ : کامریڈ سہیل
رحمانی نگر (سیتا روڈ ) رحمانی نگر لیبر یونین کی قیادت میں یومِ مئی کے موقعے پر درگاہ رحمانی نگر پر ایک جلسے کا اہتمام کیا گیا، جلسے میں شکاگو کے شہیدوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے شہر بھر سے مختلف یونینوں نے جلسے میں شرکت کی جن میں رازا مزدور اتحاد، ہمالی یونین،بیڑی مزدور اتحاد اور بیروزگار نوجوان تحریک شامل تھیں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے رازی مزدور اتحاد کے سرپرستِ اعلیٰ ابراہیم عاجز ، صدر شبیر ملاح نے کہا کہ آج مہنگائی میں ہر روز اضافہ ہوتا جارہا ہے لیکن یہ ظالم حکمران محنت کشوں کی اجرتوں میں کوئی اضافہ نہیں کررہے ،آج ہم تمام محنت کشوں نے ایک بڑی تعداد میں یہاں شرکت کرکے اس بات کا ثبوت پیش کیا ہے کہ ہم ایک دوسرے کے دکھ میں شریک ہیں، بیروزگار نوجوان تحریک کے ماجد بگھیو اور نظام چانڈیونے کہا کہ مہنگائی کے تناسب کو دیکھتے ہوئے محنت کشوں کی اجرتیں ایک تولہ سونے کے برابر ہونے چاہیے لیکن یہ حکمران ایسا کبھی نہیں کریں گے، لیاری میں آپریشن کے زریعے ہزاروں بے گناہ لوگوں کو متاثر کیا جارہا ہے ہم لیاری میں آپریشن کی بھرپوری مذمت کرتے ہیں اور اسے جلد از جلد بند کیا جائے ، ہمارے نااہل حکمران کرپشن کرنے میں پورے ہیں اور عوام کے مسائل کی طرف کسی کی کوئی توجہ نہیں۔ آج ہمیں یہ وچن لینا ہوگا کہ ہم شکاگو کے شہیدوں کی دی ہوئی قربانی کو اس کے منتقی انجام جو کہ سوشلسٹ انقلاب ہے تک پہنچائیں گے۔
سکھر میں یومِ مئی کی تقاریب کی رپورٹ پڑھنے کے لئے یہاں کلک کریں۔
گلاب لغاری
رپورٹ : کریم لغاری
پاکستان ٹریڈیونین ڈیفنس کمپئین کی جانب سے شکاگو کے شہیدوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر گلاب لغاری سے چمبڑ تک ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں تقریبا 400 سے زائد کسانوں، محنت کشوں، طلباء اور ٹریڈ یونین رہنماؤں نے شرکت کی۔ریلی کی قیادت پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے رہنما راہول، ھاری کاؤنسل کے مقبول احمد سریوال ، PTUDC کے ہیرا لال، پاکستان پیپلز پارٹی کے کریم لغاری اور بیروزگار نوجوان تحریک کے شاہنواز لغاری نے کی۔ریلی میں شرکت کے لئے تمام شرکا صبح 10 بجے گلاب لغاری میں حیدرآباد چوک پر جمع ہوئے جہاں کامریڈ کریم لغاری نے تمام شرکاء کو ویلکم کیا اور یومِ مئی کی اہمیت بیان کی ،جس کے بعد ریلی چمبڑکے لئے روانہ ہوئی ، ریلی شہر کے مختلف حصوں سے سرخ پرچم لہراتے ہوئے ایک بڑی تعداد میں چمبڑ شہر پہنچی جہاں ایریگیشن کے دفتر کے باہر دھرنا دیا گیا اور ریلی نے جلسے کی شکل اختیار کرلی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ھاری کاؤنسل کے مقبول احمد سریوال اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے کامریڈ راہول نے کہاکہ آج کا یہ دن محنت کشوں کی فتح کا دن ہے اور اس دن کو کبھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا آج پاکستان میں بڑے پیمانے پر ظلم ڈھائے جارہے ہیں اور ہم تمام محنت کشوں نے یہاں جمع ہوکر ان حکمرانوں کو یہ بات ثابت کردی ہے کہ ہم محنت کش، کسان اور تمام پرتوں سے تعلق رکھنے والے لوگ ان سرمایہ داروں ، جاگیرداروں اور حکمرانوں کے حملوں کا جواب اپنی یکجہتی سے دیں گے آج ہم تمام لوگ یہاں سرخ جھنڈوں تلے جمع ہوئے ہیں اور نجکاری، پانی کی کمی، لوڈشیڈنگ، بیروزگاری، مہنگائی، غربت اور سامراجی اجاراداریوں کے خلاف جنگ کا اعلان کرتے ہیں اور تمام محنت کشوں کا ایک پلیٹ فارم پر جمع کرتے ہوئے ناقابلِ مصالحت جدوجہد کا عظم کرتے ہیں۔