مظفرآبادمیں یوم مئی کی ریلی و جلسہ

رپورٹ : کامریڈ خواجہ جمیل:-
یوم مزدور کے موقع پر مظفرآباد میں JKNSFاورPTUDCکے زیر اہتمام نجکاری،غربت ، بیروزگاری ، مہنگائی ، لوڈشیڈنگ ، سرمایہ دارنہ نظام کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ریلی کا آغاز اپراڈہ مزدور چوک سے کیا گیا جہاں سبزی فروٹ فروش یونین کے محنت کشوں اور مزدور ں نے ریلی میں شرکت کی۔ ریلی مین بازار ، گیلانی چوک ، تانگہ سٹنیڈ سے ہوتے ہوئے سنٹرل پریس کلب پہنچی۔ جہاں پر انقلابی کارکنان نے مزدورں کے ساتھ مل کر محنت کشوں کے استحصال کے خلاف نعرہ بازی کی۔ پورا شہر شکا گو کے مزدورں کو سرخ سلام،سرمایہ داری مردہ باد ، نجکاری مردہ باد ، سامراجی تسلط مردہ باد ،ورلڈ بینک مردہ باد ، انقلاب انقلاب سوشلسٹ انقلاب کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا۔ریلی کی صدارت مرکزی صدر JKNSFکامریڈ راشد شیخ اور PTUDCکے رہنما نوید اسحاق نے کی۔ ریلی سے مرکزی صدر JKNSF کامریڈ راشد شیخ ،PTUDC کے رہنما کا مریڈ نوید اسحاق ، یونیورسٹی آرگنائزر JKNSFکامریڈ وقاص ہمدانی،این ایس ایف کے مرکزی جوائنٹ سکریٹری راجہ حسنین، جہلم ویلی کے نائب صدر حفیظ، مبشر احمد ، مدثر احمد ،PTUDC کے رہنما شیراز شیخ ، کامریڈ نفیس ،کامریڈ فراز احمد اور سبزی فروش یونین کے صدر خورشید بانڈے نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ آج ہم یوم مئی کے موقع پر شہداء شکاگو کی ناقابل مصالحت جدوجہد کو سرخ سلام پیش کر تے ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ آج 126 سال گزرجانے کے باوجود یوم مئی پہلے سے زیادہ اہمیت اختیار کر چکا ہے۔ سرمایہ داری نظام نے محنت کشوں سے جینے کی تمام امیدیں چھین لی ہیں۔ اس وقت پوری دنیا میں سرمایہ داری نظام اپنی طبعی عمر پوری کر چکا ہے اور دوسری طرف سوشلزم ہی انسانیت کے دکھوں کا مداوا ہے اور مستقبل سوشلزم کا ہے۔ اس کے بعد تمام انقلابی کارکنان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ ورکرز یونین کے پروگرام میں گئے۔ اور محنت کشوں کے مسائل کے حوالے سے خوب نعرے بازی کی۔ پمفلیٹ تقسیم کیا ،ہال میں سرخ جھنڈے لہرا ئے گئے۔ جلسہ عام سے مرکزی صدر JKNSFکامریڈ راشد شیخ اور طالب علم رہنما کامریڈ خواجہ جمیل کو خطاب کی دعوت دی گئی۔ کامریڈوں نے خطاب کے دوران روایتی ٹریڈ یونینوں کی مصالحانہ پالیسیوں اور پیپلز پارٹی کے مزدور دشمن اقدامات سے پردہ اٹھایا۔جس پر سٹیج پر بیٹھے حکومتی او ریونین عہدادارن بوکھلا گئے۔ کامریڈز نے سوشلزم کو ہی تمام مسائل کا حل قرار دیا اور کہا JKNSFاور PTUDCہمیشہ مزدورں اور محنت کشوں کے مسائل کے خلاف اگلے قدموں پر آواز اٹھائے گی۔ اس دوران مزدورں کا جوش وجذبہ دیدنی تھا۔