رپورٹ: کامریڈ عمران:-
یوم مئی کے حوالے سے ملاکنڈ کے بٹ خیلہ بازار میں PTUDC کے بینر تلے ایک ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں شرکت کے لئے لوگ صبح 9 بجے سے جمع ہونا شروع ہو گئے تھے اور 10 بجے ڈسٹرکٹ بار بٹ خیلہ کے سامنے سے ریلی شروع ہوئی۔ تقریباً 200 کے قریب محنت کشوں اور انقلابی نوجوانوں نے اس ریلی میں شرکت کی۔ شرکا ریلی نے اس موقع پر نعرہ بازی کی۔ لوڈ شیڈنگ، مہنگائی، بے روزگاری ، نج کاری نامنظور ، امریکہ کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے، مزدور اتحاد زندہ باد، قومی جنگ نہ مذہبی جنگ طبقاتی جنگ کے نعرے لگائے۔ شرکاء نے سرخ پرچم تھامے اور مختلف بینرز تھام رکھے تھے۔ مظاہرے میں مختلف ٹرید یونین کے عہدداران اور نمائندوں نے شرکت کی۔ جن میں سی اینڈ ڈبلیو، ایجوکیشن ، ہیلتھ، پرائیویٹ ہسپتال، اقلیتی نمائندے، پختون ایس۔ایف اور بی این ٹی کے ورکروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر سٹیج سیکرٹری کے فرایض کامریڈ ناصر امین نے انجام دئے۔ یوم مئی کے تاریخی پس منظر پر کامریڈ عمران نے تفصیلی گفتگو کی۔حاجی احمد زادہ خان ، میاں عزیز الحق، شاکر اللہ خان، ایجو کیشن یونین صدر پیر سعید،ملک سردارز، کامریڈ آرزومند، کامریڈ ڈاکٹر بشیرنے خطاب کیا۔مقررین نے حکومت کی مزدور دشمن پالیسوں پر تنقید کی۔ اور کہا کہ حکومت کی مزدور دشمنی پالیسوں کی وجہ سے مزدووں کا جینا مشکل ہوگیا ہے۔ نجکاری کی وجہ سے غریب سرمایہ دار طبقہ غریب مزدوروں کا احتساب کر رہا ہے۔تاریخ گواہ ہے کہ موجودہ سسٹم میں محنت کشوں کے استحصال کے خاتمے کا کوئی حل موجود نہیں۔واحد حل صرف یہ ہے کہ دنیا بھر کے مزدور اپنے حقوق کے حصول کے لئے PTUDC کے پلیٹ فارم پر جمع ہو کر ان حکمرانوں سے نجات حاصل کریں۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیاکہ وہ مزدورں کے حقوق کے کئے بھرپور جدوجہد کریں گے ا ور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ دن ضرور آئے گا جب پاکستان سمیت پوری دنیا میں ایک سوشلسٹ انقلاب برپا ہوگا۔