رپورٹ: احسن خان
مشال خان کے پہلے یومِ شہادت کے موقع پر 15 اپریل کو انقلابی طلبہ محاذ (RSF) اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے زیر اہتمام ملتان میں ایک سمینار کا انعقاد ’’مشال خان سے منظور پشتین تک‘‘ کے عنوان سے کیا گیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض ندیم پاشا نے ادا کئے جبکہ مہمانانِ خاص میں سیاسی و سماجی کارکنان ایمل خان، عبدالحمید خان اور رابعہ ملک شامل تھے۔ ندیم پاشا نے مشال خان کے نظریات اور بہیمانہ قتل کی وجوہات پر روشنی ڈالتے ہوئے بحث کا آغاز کیا۔ انہوں نے پشتون تحفظ موومنٹ کے پس منظر اور مطالبات پر بھی بات رکھی۔ عبدالحمید نے پشتون عوام کی مشکلات اور مسائل پر روشنی ڈالی اور پشتون تحفظ تحریک کے ساتھ اظہارِ یکجہتی پر انقلابی طلبہ محاذ کو سراہا۔ دوسرے مقررین میں سہیل خاکوانی، اسلم، طارق چوہدری، ایمل خان، احسن خان اور ذیشان بٹ شامل تھے جنہوں نے پشتون تحفظ موومنٹ کو تمام قومیتوں کے استحصال زدہ طبقات سے جوڑنے کی ضرورت پر زور دیا۔ آخر میں بحث کو سمیٹے ہوئے ذیشان شہزاد نے کہا کہ ہم پشتون تحفظ تحریک کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگیں اور خونریزی ایک پوری صنعت کا درجہ رکھتی ہیں جس سے حکمران طبقات خوب منافعے کماتے ہیں۔ یہ بربادیاں اور جبر اِس نظام کا ناگزیر نتیجہ ہیں جس سے نجات کے لئے طبقاتی جنگ کو منطقی انجام تک پہنچا کر ایک سوشلسٹ سماج کی بنیاد رکھنا ہو گی۔ اِس عظیم مقصد کے لئے انقلابی پارٹی کی تعمیر ہی آج کا فریضہ ہے۔