میرپور بٹھورو میں ایک روزہ مارکسی سکول

| رپورٹ: واجد زئنور |

مورخہ 25 دسمبر بروز اتوار صوفی شاہ عنایت پریس کلب میرپور بٹھورو میں ایک روزہ مارکسی سکول کا انعقاد کیا گیا جس میں میرپور بٹھورو سمیت ٹھٹہ اور سجاول سے نوجوانوں نے شرکت کی۔ سکول میں فیڈل کاسترو کی انقلابی جدوجہد اور موجودہ عالمی صورتحال کو زیر بحث لایا گیا۔ سیشن کو چیئر واجد زئنور نے کیاجبکہ موضوع پر لیڈآف سکندر زئنور نے دی۔ سکندر نے کامریڈ فیڈل کاسترو کی انقلابی جدوجہد اور انقلاب کیوبا پر تفصیل سے بات کی جبکہ انہوں نے عالمی سیاسی اور معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے حالیہ امریکی انتخابات میں ٹرمپ کی کامیابی اورسال بھر میں ہونے والے کئی اہم واقعات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پاکستانی معیشت اور سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہاں عوام کو مسلسل قرضے لیکر برباد کیا جارہا ہے اور حکومت سی پیک کے گرد جھوٹ بول کر لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے، حقیقت میں سی پیک کے گرد لئے گئے قرضوں سے عوام مستقبل میں شدید مشکلات سے دوچار ہوجائیں گے، یہاں تک کہ تمام سکیورٹی کے اخراجات کا بوجھ بھی عوام پر ڈالا جائے گا۔ انہوں نے لیڈ آف کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ اس ساری صورتحال میں عوام کو صرف سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے ہی نجات دلائی جاسکتی ہے جس کے لئے ضروری ہے کہ ہم ایک انقلابی تنظیم کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔ لیڈآف کے بعد کامریڈ حفیظ بہرانی، جبار زئنور اور نبی سوھو نے بحث میں حصہ لیا جبکہ اصغر میمن نے انقلابی شاعری پڑھی۔ آخر میں سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کامریڈ راہول نے اسکول کا سم اپ کیا۔