حیدرآباد میں ایک روزہ مارکسی سکول

رپورٹ: منیش دھرانی

انقلابی طلبہ محاذ (RSF) کی جانب سے مورخہ 12 مئی اتوار کے دن حیدرآباد میں ایک روزہ مارکسی اسکول کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف یونیورسٹیوں و دیگر تعلیمی اداروں سے طلبا و طالبات نے شرکت کی۔ سکول کی چیئر سنبھالتے ہوئے آزاد جھامن نے کارل مارکس کی سالگرہ کی مناسبت سے ان کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے راہول کومدعو کیا جنہوں نے کارل مارکس کی تعلیمات اور انقلابی جدوجہد پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور سکول کے پہلے سیشن کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ موضوع ”ماحولیاتی تباہی اور سوشلسٹ متبادل“ پر لیڈ آف دیتے ہوئے لتا نے سرمایہ داری کے تحت صنعتی انقلاب کے بعد سے انسانی سرگرمیوں کے ماحول پر اثرات اور ان کے واپس انسان اور تمام جانداروں کے لئے مضمرات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کا مسئلہ وقت کے ساتھ سنجیدہ ہوتا چلا جا رہا ہے اور فاسل فیول کے بے دریغ استعمال سے گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج کرہ ارض کے درجہ حرارت میں اضافے کا باعث بن رہا ہے جس سے گلیشئر پگھل رہے ہیں۔ ماحولیاتی آلودگی بڑھتی جا رہی ہے۔ انہوں نے بحث کو سمیٹتے ہوئے تفصیل سے بیان کیا کہ سوشلزم جیسے ایک غیر طبقاتی نظام میں آخر کس طرح اس قسم کے مسائل سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکے گا۔ لتا کی لیڈآف کے بعد لاجونتی، ولہار، فہد میمن، کپل، نتھومل اور ونود کمار نے بحث میں حصہ لیا جبکہ سوالات کے جوابات دیتے ہوئے منیش دھرانی نے بحث کو سمیٹا۔ آخر میں محنت کشوں کا عالمی ترانہ گا کر اسکول کا اختتام کیا گیا۔