پلندری: مقبول بٹ شہید کی برسی کے موقع پر سیمینار کا انعقاد

| رپورٹ: این ایس ایف پلندری |

مقبول بٹ شہید کی برسی کے مو قع پر جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) کے زیر اہتمام 11 فروری کو بمقام ریسٹ ہاوس پلندری میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں پوسٹ گریجویٹ کالج پلندری، ریڈفاؤنڈیشن پلندری، ایمرسن کالج، پائلٹ ہائی سکول پلندری و دیگر تعلیمی اداروں کے نوجوانوں نے شرکت کی۔ سیمینار کی صدارت مرکزی سیکرٹری اطلاعات یاسر حنیف نے کی جبکہ سیمینار کے مہمان خصوصی پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) آزاد کشمیر کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدا لواحد تھے۔

سیمینار سے ضلعی سینئر نائب صدرپی ایس ایف ایاز رحیم، مرکزی رہنمااین ایس ایف جنید اقبال، ضلعی سیکرٹری مالیات این ایس ایف رضوان رشید نے خطاب کیا۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ مقبول بٹ اور شہدائے چکوٹھی نے کشمیر کی آزادی اور طلبہ حقوق کے لئے قومی و سامراجی جبر اور تقسیم کشمیر کے خلاف لازوال جدوجہد کی ہے جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن شہید مقبول بٹ اور شہدائے چکوٹھی کی جدوجہد اور نظریات کو لے کر قومی وطبقاتی غلامی، غربت، مہنگائی، بیروزگاری، دہشت گردی کا خاتمہ کرتے ہوئے ایک غیر طبقاتی سماج کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

سیمینار کے اختتام پر سعودی عرب میں محنت کشوں پر جبر اور بے دخلی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے خطاب کر تے ہوئے PTUDC آزاد کشمیرکے مرکزی سیکرٹری جنرل عبدالواحد نے سعودی عرب میں محنت کشوں پر جبر اور بے دخلی کی مذمت کی اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔