| رپورٹ: JKNSF راولپنڈی |
11 فروری بروز ہفتہ راولپنڈی پریس کلب کے سامنے جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن راولپنڈی برانچ کے زیر اہتمام مقبول بٹ شہید کے 33ویں اور شہدائے چکوٹھی کے 27ویں یوم شہادت کے موقع پر ریلی اور جلسہ کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں راولپنڈی برانچ کے چیئرمین، جنرل سیکرٹری، برانچ کے دیگر عہدیداران، مرکزی عہدیداران، طلبہ اور نوجوانوں کے علاوہ پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر چنگیز نے بھی اظہار یکجہتی کے لئے شرکت کی۔ ریلی کے شرکا نے پریس کلب سے مری روڈ تک چکر لگاتے ہوئے سرمایہ دارانہ نظام، معاشی، سماجی، قومی اور طبقاتی جبر کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ ریلی مری روڈ سے ہوتی ہوئی دوبارہ پریس کلب کے سامنے آکر جلسہ کی شکل اختیار کر گئی۔ اس جلسہ سے جموں کشمیر نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن راولپنڈی برانچ کے چیئرمین واجد اصغر، وائس چیئرمین شفقت رحیم داد، جنرل سیکرٹری عدنان ساگر، مرکزی رہنما زبیر لطیف اور زاہد عارف کے علاوہ عثمان رشید، کامریڈ اویس، نعمان اعجاز، فرحان مجید، عبید گلزار، عدنان اشرف اور دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبول بٹ شہید ایک سوچ اور فکر کا نام ہے جسے کبھی پھانسی نہیں دی جا سکتی۔ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن نے ہر دور میں طلبہ، نوجوانوں اور محنت کشوں کے حقوق کی جنگ لڑی جسے جاری و ساری رکھا جائے گا۔ مقبول بٹ شہید اور شہدائے چکوٹھی کے ادھورے مشن کی تکمیل اور طبقاتی اور قومی محکومی سے نجات تک جموں کشمیر نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن اپنی جدوجہد کو طبقاتی بنیادوں پر جاری و ساری رکھے گی اور اس خطہ میں غیر طبقاتی سماج کا قیام ہی این ایس ایف کا مشن ہے جو صرف اور صرف سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے ممکن ہے۔