کراچی میں ایک روزہ مارکسی سکول کا انعقاد

رپورٹ: پرور آزاد

انقلابی طلبہ محاذ (RSF) کے زیر اہتمام مورخہ 18 فروری کو ملیر ایریا کا مارکسی اسکول سچل سرمست سیکنڈری اسکول گلشن حدید فیز 2 میں منعقد کیا گیا۔ سکول مجموعی طور پر دو سیشنز پر مشتمل تھا۔ پہلے سیشن کو چیئر کامریڈ عبد الکریم شر نے کیا جس کا ایجنڈہ ’ریاست اور انقلاب‘ تھا جس پر کامریڈ حاتم نے لیڈ آف دیتے ہوئے مارکسی نقطہ نظر سے تاریخی طور پر ریاست کے آغاز اور کردار سے موجودہ سرمایہ دار انہ ریاست تک تفصیل سے بات کی۔ لیڈآف کے بعد شرکا نے موضوع میں بھرپور ظاہر کرتے ہوئے بہت سے سوالات پوچھے۔ کامریڈ عمیر، جنت، نظیرگوندل اور ماجد نے بحث کو آگے بڑھایا اور آخر میں تمام سوالات کی روشنی میں کامریڈ بابر نے سیشن کا سم اپ کیا۔ 15 منٹ کے وقفے کے بعد کامریڈ عمار ملک نے گٹار کیساتھ دو انقلابی نظمیں سنا کر ماحول کو خوب گرما دیا۔ دوسرے سیشن کو کامریڈ میر نے چیئر کیا اور کامریڈ ماجد نے روپے کی سرمائے میں تبدیلی پر تفصیلی لیڈآف دیتے ہوئے واضح کیا کہ محنت کشوں کی قوت محنت ہی وہ واحد جنس ہے جو اپنی قدر سے زیادہ قدر پیدا کرتی ہے جس سے سرمایہ دار کو منافع حاصل ہوتا ہے۔ اس کے بعد سوالات کی روشنی میں کامریڈ وجاحت نے بحث کو آگے بڑھایا۔ سوالات کے جواب دیتے ہوئے کامریڈ ماجد نے بحث کا سم اپ کیا۔ سکول میں کراچی یونیورسٹی،این ای ڈی یونیورسٹی اور شہید ذوالفقار علی بھٹو لا کالج و یونیورسٹی سے طلبہ نے شرکت کی۔ آخر میں محنت کشوں کا عالمی ترانہ گا کر اسکول کا اختتام کیا گیا۔