| رپورٹ: PTUDC لودھراں |
یکم مئی کو سلور لائن ورکر یونین، ریلوے ورکر یونین اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے زیر اہتمام سپر چوک سے پریس کلب لودھراں تک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں محنت کشوں، کسانوں اور طلبہ نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکا سرمایہ داری، جاگیرداری اور نجکاری کے خلاف فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے۔
پریس کلب کے سامنے تقی راؤ اسماعیل، کا مریڈ ساسر و دیگر نے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہو ئے شکاگو کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کے مسائل کا حل اس نظام کی کسی ریاست اور حکومت کے پاس نہیں ہے، نہ ہی کسی حاوی سیاسی پارٹی کے پاس عوام کے معاشی مسائل کا کوئی پروگرام اور ٹھوس منصوبہ ہے کیونکہ سرمایہ دارانہ نظام تاریخی طور پر متروک ہوچکا ہے۔ یکم مئی امریکہ کے محنت کشوں پر ایک سو انتیس سال قبل ڈھائے جانے والی بربریت کی یادگار اور سرمایہ داری کے خلاف جدوجہد کا اعادہ کرنے کا دن ہے۔ شکاگو کے محنت کشوں نے غیر معینہ مدت کے اوقات کار کے خلاف جو لڑائی شروع کی تھی آج اسے زندہ کرنے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے کیونکہ محنت کشوں کی بھاری اکثریت 16 گھنٹے تک کام کرنے پر آج بھی مجبور ہے۔اپنے بنیادی حقوق کے لئے آواز اٹھانے کی پاداش میں امریکی حکمرانوں نے ان محنت کشوں کو خون میں ڈبو دیا تھا، آج ہم عزم کرتے ہیں کہ مزدور تحریک کے کسی شہید کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے اس نظام کو سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے اکھاڑ پھینک دیں گے جو دنیا بھر میں نسل انسان کو غربت، محرومی اور بیروزگاری کی ذلت میں غرق کرتا چلا جارہا ہے۔