ہم غریب ہوئے ہیں انہی کی دولت سے!

[تحریر: لال خان]
لاہور کے تاریخی چیئرنگ کراس پر پنجاب اسمبلی کے سامنے ہزاروں لیڈی ہیلتھ ورکرز کا دھرنا 48 گھنٹوں تک جاری رہا۔ سخت سردی کے شب و روز میں ان سخت جان محنت کش خواتین عزم و حوصلے کا عظیم مظاہرہ کیا۔ 17 فروری کی رات پولیس نے دھاوا بول کر مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش بھی کی تاہم لیڈی ہیلتھ ورکرز کی فولادی مزاحمت نے ریاستی حملے کو ناکام بنا دیا۔ پھر انتظامیہ نے دھرنا ختم کروانے کے لئے ’’مذاکرات‘‘ کی چال چلنے کی کوشش کی۔ سول سوسائٹی اور تاجروں کے کچھ ’’خود ساختہ نمائندگان‘‘ نے مصالحت کروانے کی کوشش بھی کی لیکن محنت کش خواتین کی اکثریت نے جھوٹے وعدوں اور لاروں کی چالبازی کو مسترد کردیا۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ کے مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی جانب سے مطالبات پورے کرنے کی یقین دہانی پر مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔ پنجاب حکومت اس طرح کے وعدے پہلے بھی کرتی رہی ہے۔ وزارت صحت لیڈی ہیلتھ ورکرز کے مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے نوٹیفکیشن پہلے بھی جاری کرچکی ہے لیکن پنجاب حکومت اس پر عمل درآمد نہیں کررہی۔ اس احتجاج کے دوران ان غریب خواتین کی تقاریر اور خود تخلیق کئے گئے بغاوتی نعرے مارکس کے کلاسیکی پرولتاریہ کی عکاسی کررہے تھے۔
اس ملک کے حکمران طبقات مزدور طبقے کو کچلتے چلے جارہے ہیں۔ محنت کشوں کی اجرتوں میں سفاک کٹوتیاں کی جارہی ہیں۔ مہنگائی اور افراط زر عام آدمی کی قوت خرید کو گھن کی طرح چاٹ رہا ہے۔ مستقل ملازمتوں کو ختم کرکے ٹھیکیداری نظام رائج کیا جارہا ہے۔ میڈیکل، اوور ٹائم اور پینشن جیسی بنیادی سہولیات اور مراعات چھینی جارہی ہیں۔ مذہبی جنونیوں اور دہشت گروں کی قتل و غارت گری کے ساتھ ساتھ یہاں ایک خاموش دہشتگردی بھی جاری ہے۔ یہ معاشی دہشت گردی ہے جو غربت، بھوک اور لاعلاجی کی شکل میں ہر روز ہزاروں محنت کشوں کو لقمہ اجل بنارہی ہے۔ اس خاموش قتل عام کی خبریں میڈیا پر چلتی ہیں، نہ ہی ٹاک شوز میں اس پر تجزئیے اور تبصرے کئے جاتے ہیں۔ لیکن سرمائے کی اس یلغار کے رد عمل میں مختلف اداروں کے محنت کشوں کی مزاحمت بھی جاری ہے۔
؂سرمایہ دارانہ نظام میں محنت کش خواتین دوہرے جبر و استحصال کا شکار ہوتی ہیں۔ اس ملک میں محنت کرنے والے مردوں کی حالت زار دیکھ کر خوب اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ محنت کش خواتین کس قدر کربناک صورتحال سے دوچار ہوں گی۔ اس نظام نے امور خانہ داری میں صرف ہونے والی محنت کوخواتین کے’فطری‘‘ فریضے کے طور پر پیش کر کے بے اجرت بنا دیا ہے۔ فیکٹریوں میں ملازمت کرنے والی خواتین سے لے کر گھروں میں کام کرنے والی ملازماؤں تک۔ ۔ ۔ ظلم ، استحصال اور مجبوری سے فائدہ اٹھانے کی اندوہناک داستانیں یہاں ہر روز منظر عام پر آتی ہیں۔ جہاں خواتین کے اوقات کار کے گھنٹے مردوں کی نسبت زیادہ ہیں اور محنت کا معاوضہ شرمناک حد تک کم ہے وہاں عزتیں بھی محفوظ نہیں ہیں۔ خواتین ایک طرف مالیاتی سرمائے کا جبر سہ رہی ہیں تو دوسری طرف مردانہ تسلط یا ’’میل شاونزم‘‘ کی نفسیات نے ان کا جینا دوبھر کررکھا ہے۔ دن بھر سرمایہ داروں، فیکٹری مالکان اور سیٹھ حضرات کے مظالم سہنے والے اکثر محنت کش مرد بھی اپنا غصہ گھریلو تشدد کے ذریعے خواتین پر ہی نکالتے ہیں۔
حکمرانوں کا خیال ہے کہ مزدور طبقہ مستقل طور پر پسپا ہوچکا ہے۔ جہاں سرمایہ دارانہ نظام کی معیشت زوال پزیر ہے وہاں اس کا فلسفہ، سوچ اور دانش بھی اندھی اور متروک ہوچکی ہے۔ سماج میں تغیر اور تبدیلی کا عمل غیر محسوس طریقے سے ہمیشہ جاری رہتا ہے۔ جہاں طبقات موجود ہوں وہاں طبقاتی کشمکش کبھی ختم نہیں ہوسکتی۔ طبقاتی تضاد بعض اوقات ماند تو پڑ سکتا ہے لیکن کبھی مٹ نہیں سکتا۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز کی حالیہ جدوجہد طبقاتی کشمکش کے ایک بڑے طوفان کا پہلا جھونکا ہے۔ محنت کش خواتین جب کسی تحریک میں یکجا ہوکر حکمرانوں اور ریاست سے ٹکراتی ہیں تو بڑوں بڑوں کی ’’مردانگی ‘‘ماند پڑ جاتی ہے۔
پورے پنجاب سے چیئرنگ کراس پر جمع ہونے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز کے مطالبات بالکل واضح تھے۔ یہ خواتین مستقل ملازمتوں اور پچھلے پانچ ماہ سے نہ ملنے والی تنخواہوں کی ادائیگی کا مطالبہ کررہی تھیں۔ ان ہزاروں محنت کش خواتین کی پانچ ماہ کی مجموعی اجرت حکمرانوں کی ایک روز کی عیاشیوں پر آنے والے اخراجات سے یقیناًبہت کم ہوگی۔ اس قلیل تنخواہ سے ہزاروں گھروں کے چولہے جلتے ہیں۔ شرمناک حد تک کم اجرتوں کے باوجود لیڈی ہیلتھ ورکرز سے وہ کام بھی لئے جاتے ہیں جو ان کی ڈیوٹی کا حصہ نہیں ہیں۔ مثلاً یہی خواتین اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر گھر گھر پولیو کے قطرے پلاتی ہیں۔ اگر سرکاری اداروں میں اوور ورک اور اجرتوں کی ادائیگی کا یہ عالم ہے تو نجی شعبے کے خوانخوار سرمایہ داروں کا محنت کشوں، خاص کر خواتین سے سلوک کتنا بھیانک ہوگا!
حکمران طبقہ جہاں محنت کشوں کے خون کا آخری قطرہ بھی نچوڑ لینے کے درپے ہے وہاں اس نظام کے بحران نے حکمرانوں کے آپسی ٹکراؤ کو بھی شدید تر کردیا ہے۔ حکمران سیاست دانوں کی ان آپسی لڑائیوں اور بحث و تکرار کے دوران ان کے منہ سے بے خبری ایسے الفاظ بھی نکل جاتے ہیں جو سرمائے کی آمریت پر چڑھے جمہوریت کے لبادے میں چھید کر ڈالتے ہیں۔ حالیہ چند دنوں میں انتہائی دائیں بازو کے دو سیاستدانوں عمران خان اور راجہ ظفرالحق کے بیانات نے حکمران طبقے کی سوچ اور حاکمیت کے طریقہ کار کو بے نقاب کیا ہے۔ عمران خان نے الفاظ کے ہیر پھیر سے کام لینے بجائے واضح طور پر کہا ہے سینٹ کی نشستیں خریدی اور بیچی جاتی ہیں۔ اس بیان کے رد عمل میں تمام پارٹیوں نے مشترکہ طور پر خان صاحب کے خلاف تحریک استحقاق جمع کروا دی ہے۔ سیاسی حلقوں میں مچنے والی اس ہل چل سے خوب اندازہ لگایا جاسکتا ہے عمران خان کے کڑوے سچ کی ضرب حکمرانوں کو کس نازک مقام پر لگی ہے۔
دوسری طرف جنرل ضیا الحق کے مرید خاص راجہ ظفرالحق نے کہا ہے کہ ’’اگر محنت کشوں کے لئے پارلیمنٹ میں نشستیں مخصوص کردی گئیں تو ڈرائیور، کلینر اور نہ جانے کون کون سے طبقات اٹھ کر آجائیں گے۔ ‘‘یہ صرف راجہ ظفرالحق کی ذاتی رائے نہیں ہے بلکہ دولت کی اس سیاست پر براجمان تمام پارٹیوں اور سیاستدانوں کی بنیادی نفسیات ہے۔ ویسے طبقاتی نظام کی اس جمہوریت میں محنت کش طبقے کا اقتدار کے ایوانوں میں داخلہ کم و بیش ناممکن ہوتا ہے۔ محنت کشوں کا کوئی نمائندہ اگر ایک بالشویک پارٹی کے سخت گیر ڈسپلن کے تابع نہ تو پارلیمنٹ میں پہنچ کراس کے بک جانے کے امکانات حاوی رہتے ہیں۔ اس کی یہ غداری پورے محنت کش طبقے کے دامن پر ذلت کادھبہ بن جاتی ہے۔ مزدوروں کو بحیثیت طبقہ مجرم بنا کر لالچی اور نیچ ہونے کے طعنے دئیے جاتے ہیں۔ حکمرانوں کے رائج سیاسی اور ریاستی ڈھانچوں کی حدود میں محنت کش طبقہ کبھی اقتدار میں آکر انقلابی تبدیلی برپا نہیں کرسکتا۔ یہ انقلابیوں کا فریضہ ہوتا ہے کہ حکمرانوں کی سیاست، جمہوریت اورریاست کے فریب کو محنت کشوں کے سامنے بے نقاب کریں۔ 1987ء میں بریڈ فورڈ نارتھ سے ’’پارلیمانوں کی ماں‘‘ یعنی برطانوی پارلیمنٹ کے ممبر منتخب ہونے والے کامریڈ پیٹ وال نے اپنی پہلی تقریر میں کہا تھا کہ ’’میں اس ایوان کا حصہ بننے کے لئے یہاں منتخب ہوکر نہیں آیا ہوں۔ میرا پہلا اور آخری مقصد اپنے ووٹروں اور محنت کش طبقے کے سامنے اس ایوان کے فریب، دھوکے اور عیاری کو بے نقاب کرنا ہے۔ ‘‘
یہ سرمایہ داروں اور جاگیر داروں کی جمہوریت ہے۔ یہ بالادست طبقہ بھلا مزدوروں اور غریبوں کی آواز کیوں اٹھائے گا؟ استحصال کرنے والی اس قلیل اقلیت کے مفادات استحصال سہنے والوں کی وسیع اکثریت سے متضاد ہیں۔ یہ اس طبقاتی سماج کا بنیادی ، حتمی اور آخری تضاد ہے جسے چھپانے کے لئے جعلی تعصبات اور تضادات ابھارے اور ٹھونسے جاتے ہیں۔ لیکن حکمرانوں کی یہ جعل سازی آخر کب تک چل سکے گی؟ وہ وقت بھی آتے ہیں جب محنت کش طبقہ حکمرانوں کی مسلط کردہ سوچ، نفسیات اور تعصبات کو جھٹک کر تاریخ کے کوڑا دان میں پھینک دیتے ہیں۔ وہ یکجا ہوکر طبقاتی جنگ کے میدان میں اترتے ہیں اور حکمرانوں کے نظام کو پاش پاش کر کے اس لڑائی کو منطقی انجام تک پہنچا دیتے ہیں۔
میر تقی میرؔ نے کہا تھا:

امیر زادوں سے دہلی کے، مت ملا کر میرؔ
کہ ہم غریب ہوئے ہیں انہی کی دولت سے

متعلقہ:
عورت کی برابری، مگر کس معیار پر؟
نظم: آج کی عورت
خواتین کا عالمی دن: عورت کی آزادی کیسے ممکن ہے؟
عورت کی آزادی کا واحد راستہ سوشلسٹ انقلاب
8 مارچ خواتین کا عالمی دن