| رپورٹ: PTUDC لاہور |
ریلوے لیبر یونین کے زیر اہتمام واشنگ لائن ریلوے یارڈ لاہور میں مورخہ 11 اگست کو ریلوے کے محنت کشوں کے مسائل اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے لئے احتجاجی جلسے کا انعقا د کیا گیا جس میں ریلورے یارڈ کے مختلف شعبوں مثلاً انجن شیڈ،ہیڈ آفس، سگنل سٹاف، لائن سٹاف، واشنگ لائن و دیگر سے بڑی تعداد میں محنت کشو ں نے شرکت کی۔ واشنگ لائن سے ذوالفقار کمانڈو مرکزی رہنما ریل مزدور اتحاد،رانا طارق، تاثیر بلال ڈی ایس آفس، سگنل سٹاف سے عمران، لیبر یونین کے صدر سرفراز خان اور جنرل سیکرٹری عنایت گجر نے خطاب کیا۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے میں ایک عرصہ سے ریفرنڈم کا انعقاد نہیں کیا گیا لیکن پھر بھی یہ نام نہاد CBA براجمان ہے جس نے ناجائز طور پر ریلوے میں دفاتر پر قبضہ کیا ہوا ہے۔ یہ جماعت اسلامی کی یونین مزدوروں کے مابین انتشار پھیلا کر مزدور تحریک کو توڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ہم اس نام نہاد یونین کے ان اقدامات کی بھرپور مخالفت کرتے ہیں۔ ہماری جدوجہد سے ٹیکنکل الاؤنس ملا اور ہم محنت کشوں کے وسیع تر مفادات میں جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اس وقت ریلوے کا پہیہ چلنا شروع ہوا ہے جس کی وجہ سے محنت کشوں کو تنخواہیں اور بقایا جات ملنا شروع ہو ئے ہیں۔ لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ یہ جدوجہد مزید پھیلے گی اور ریلوے کے دیگر شعبوں کے محنت کشوں کو ہم اس میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔ ہماری تحریک کے مطالبات میں پے سکیلز کی مزید بہتری، TLA ملازمین کو حکومتی اعلان کردہ 14000 کم از کم تنخواہ کی ادائیگی، شیڈوں کی طرح واشنگ لائن سٹاف کے دن کا معاوضہ ڈبل کرنا اور دیگر کلرکوں کے سکیلوں کو بجٹ میں اعلان کردہ سکیلز کے مطابق کرنا شامل ہے۔ اس کے لئے جو بندے TLA پر چل رہے ہیں انہیں کنفرم کیا جانا شامل ہے۔ ان مطالبات کے لئے ہم جدوجہد جاری رکھیں گے اور محنت کشوں کے حالات زندگی بہتر بنانے میں دن رات سرگرم عمل رہیں گے۔ پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے وفد نے جلسے میں شرکت کی اور ریلوے کے محنت کشوں سے اظہار یکجہتی کا اعلان کیا۔